برلن (مانیٹرنگ سیل) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا حامی رہا ہے- افغانستان میں قیام امن نہ صرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے، بھارت پاکستان پر بلا جواز الزامات لگانے سے اجتناب کرے۔ جرمن اخبار کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میونخ میں منعقدہ عالمی سیکورٹی کانفرنس ایک بہت اہم عالمی فورم ہے۔ دنیا بھر سے وزرائے خارجہ، دفاع اور سیکورٹی ماہرین ایک جگہ اکٹھے ہوئے ہیں اور اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے اور باہمی مشاورت سے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میں مدد ملے گی- جس سے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل طے کرنے میں بہت معاونت مل سکتی ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا حامی رہا ہے۔ افغانستان میں قیام امن نہ صرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں اپنا حتی المقدور کردار ادا کیا ہے اور کرتا رہے گا۔ آج افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو تقویت مل رہی ہے۔ پلوامہ جموں و کشمیر میں ہونے والے خودکش حملے اور بھارتی الزامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم شروع دن سے بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں رہے ہیں۔ انڈیا بھی احتیاط کرے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بیان بھی ریکارڈ پر ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کو بھی پاکستان پر بلا جواز الزامات لگانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔