• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھکاریوں پر 100 پونڈ جرمانہ کا بل، مانچسٹر کونسل میں حکمران اور اپوزیشن پارٹیوں میں اختلاف

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) سٹی کونسل مانچسٹر نامناسب رویہ اختیار کرنے والے بھکاریوں کے سلسلے میں موقع پر ہی ایک سو پونڈ جرمانہ اور عدم ادائیگی پر عدالت میں ایک ہزار پونڈ جرمانہ کی سزا متعارف کرانے اور اسے سٹی کونسل مانچسٹر میں قانونی حیثیت دلانے پر کونسل میں حکمران لیبر پارٹی کے اندر بالخصوص اپوزیشن لیڈر لبڈیم پارٹی میں نوک جھونک اور اختلاف سامنے آرہا ہے۔ سٹی کونسل مانچسٹر کی حدود میں ہیٹ کرائم سمیت بداخلاقی پر سٹی کونسل افسران ایک ہزار پونڈ کا جرمانہ کرسکتے ہیں۔ عدم ادائیگی پر عدالت میں ایک ہزار پونڈ جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے، اس سلسلہ میں لب ڈیم پارٹی کے لیڈر سابق ایم پی اور سٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر جان لیچ نے کہا کہ یہ بہت بڑی زیادتی ہے وہ اور ان کی پارٹی یہ ہرگز نہیں ہونے دے گی۔ لیبر پارٹی پکاڈلی کے کونسلر نے بل کی حمایت میں مسٹر لیچ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اگر سائوتھ مانچسٹر میں مسٹر لیچ کی رہائش گاہ کے علاقے میں لوگوں کے گھروں کے سامنے نشہ کے لئے استعمال کی گئی انجکشن سرنجز پڑی ہوتیں تو ان کا رویہ مختلف ہوتا اور وہ بل کی مخالفت کرتے۔ تاہم سول لبرٹی اور بعض دیگر آرگنائزیشنز نے اس بل کو غیر مناسب قرار دیا۔ بھکاریوں اور بے گھر لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم بھکاریوں اور نشے کے مارے لوگوں کو ایک ہزار پونڈ جرمانہ کرکے کیا لیں گے، اگر ہمارے پاس اتنے پیسے ہوتے تو ہم بھیک کیوں مانگتے۔ تاہم لیبر پارٹی کی اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود اس متنازع بل پر عوامی رائے پر غور کررہی ہے۔ سٹی کونسل نے یہ قانون اس لئے متعارف کرایا ہے کیونکہ سٹی سینٹر پکاڈلی گارڈن چائنا ٹائون کی شاہراہوں پر سرشام ڈرگ استعمال کرنے والے اکٹھے ہوجاتے ہیں اور مختلف شاپس کے سائبانوں اور تھڑوں پر بیٹھ کر دھما چوکڑی لگاتے اور ایک دوسرے کو ہیروئن، کوکین، ڈرگ کے انجکشن لگاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بے گھر لوگوں کے روپ میں بعض جرائم پیشہ افراد ڈرگ کا مذموم دھندہ کرتے ہیں اور تنہا خواتین کے ساتھ زیادتی اور پرس چھیننے کے واقعات ہورہے ہیں جن کو روکنے کے لئے یہ قانون بنانے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔ تاہم بعض لوگوں کے خدشات بھی ہیں، کیونکہ سٹی کونسل کے لائسنسنگ اور انفورسٹمنٹ عملہ اور بعض باوردی لوگوں کے خلاف نسلی تعصب کی شکایات بھی زبان زد عام ہیں، یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ کسی ایسے شخص جو پہلے سے حالات کا ستایا ہوا ہو اور گھبراہٹ دور کرنے یا کسی نشے کی حالت میں کوئی حرکت کرے اس کو سٹی کونسل موقع پر سزا دے، کہیں انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر زیادتی نہ ہوجائے۔ تاہم قانون کی بالادستی کے لئے سٹی کونسل کو اہم اقدامات اٹھانے کے لئے مختلف کمیونٹیز کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

تازہ ترین