دبئی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل کی میچ وننگ 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سابق چیمپین پشاور زلمی کو چھ وکٹ سے شکست دے دی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 156 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔جمعے کی شب دبئی اسٹیڈیم میں عمر اکمل نے اپنی نئی ٹیم کے لئے پہلے ہی میچ میں اننگز کا آغاز اور میچ کا اختتام چھکے کے ساتھ کیا۔عمراکمل نے75رنز50گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنائے۔عمر اکمل نے اپنے بڑے بھائی کامران اکمل کی ٹیم کے خلاف زبردست بیٹنگ کی۔کپتان سرفراز احمد نے37رنز بنائے۔احمد شہزاد پہلی ہی گیند پر حسن علی کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے، کامران اکمل اور مصباح الحق49،49 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ فلیچر ایک، صہیب مقصود 26، پولارڈ 3 اور ڈاؤسن 21 رنز بناسکے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے 2وکٹ حاصل کئے۔