• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این آراو، ڈیل یا ڈھیل دینا عمران کے بس کی بات نہیں، لطیف کھوسہ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ این آر او، ڈیل یا ڈھیل دینا عمران خان کے بس کی بات نہیں،نیب و عدلیہ حکومت کے تابع نہیں، نیب کیسز میں اب تحریک انصاف والوں کا نمبر آگیا ہے، وزیر اعظم کے ارد گرد نیب زادے ہیں، اپنا گریبان صاف ہو تو بندہ بات کرتا ہوا بھی اچھا لگتا ہے، آپ اپنی اداؤں پر غور کریں، ہم کہیں گے تو شکایت ہوگی، شہباز شریف کے بعد نواز شریف کو بھی ضمانت پر رہائی مل جائیگی کیونکہ حکومت کے 4بورڈز یہ کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف بیمار ہیں اور انہیں ایسی بیماری لاحق ہے جس کا علاج جیل میں نہیں اسپتال میں ہوسکتا ہے، قانون اس کی رعایت دیتا ہے، زندگی سب سے مقدم ہے، ضمانت ہوجائیگی، پھر کہیں گے کہ ڈیل ہے، سعودی عرب سے ہمارا روحانی رشتہ ہے مگر ایران بھی ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہمیں اعتدال کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، مودی کو پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں، الیکشن ہونیوالے ہیں اس لئے ڈرامہ کیا جارہا ہے، پہلے بھی سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا دعویٰ کیا گیا، حکومت کی جانب سے مودی کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے، بھارت کی جانب سے موسٹ نیشن فیورٹ کے زمرے سے ہٹانے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمارا ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی بھارت سے زیادہ مضبوط ہے، وہ ہوش کے ناخن لیں، حکومت پاکستان سفارتی سطح پر کشمیری مظالم کو اجاگر کرے۔ وہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہاکہ اب نیب کیسز میں پی ٹی آئی کی باری ہے، ہم تو 20 سال سے بھگت رہے ہیں، آئین و قانون کی بالا دستی ہونی چاہیے، بادشاہت نہیں ہونی چاہیے، سب کا احتساب قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے، پی اے سی کے چیئرمین پر باتیں بنائی گئیں، عدالت چھوڑتی نہ تو کیا کرتی، عمران خان آپ ڈکٹیٹر نہیں، آپ مشرف نہیں کہ جو آپ قانون سے بالا تر ہو، ادارے آپ کے تابع نہیں، نیب و عدلیہ پر حکومت کی دسترس نہیں، این آر او، ڈیل یا ڈھیل کی باتیں بند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ 90 دن میں اربوں روپے لانے، کرپشن ختم کرنے کا کہا گیا مگر اب تک باہر سے ایک ڈھیلا نہیں آیا، حکومت کے 3 وزراء بھی کرپشن کی لپیٹ میں آگئے، آپ کے ارد گرد نیب زادے ہیں، علیمہ خان اور آپ کے وزراء نیب کیسز میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین