• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم یکجہتی کشمیر کانفرنس، وزیر اعظم آزاد کشمیر مہمان خصوصی

اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا کے یو جی ٹی ہال میں یوم یکجہتی کشمیر کے عنوان سے کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدر تھے۔

قونصل جنرل بارسلونا کی صدارت میں ہونے والی کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام سے ہوا جس کی سعادت قاری چوہدری عبدالرحمن نے حاصل کی، کشمیر کے ایم ایل اے راجہ جاوید، کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ہسپانوی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔

کانفرنس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی, اسٹیج سیکرٹری راجہ شفیق کیانی تھے، کانفرنس ندائے کشمیر ایسوسی ایشن سپین کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے راجہ مختار سونی،محمد اقبال چوہدری ،چوہدری نعیم آف فرانس ، راجہ افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مایوس نہیں ہیں ہمیں اُمید ہے کہ کشمیر آزاد ہوگا اور شہیدوں کا لہو رنگ لائے گا۔

بھارت میں بہت سی تحریکیں دم توڑ چکی ہیں لیکن تحریک آزادی کشمیر وہ واحد تحریک ہے جو آج تک زندہ ہے اور آزادی تک زندہ رہے گی، مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کشمیر کاز کے لئے کام کرنا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ میں جاکر فیصلہ کیا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے گا لیکن انڈیا مکر گیا، اور مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کے پہاڑ گرانے شروع کر دیئے۔

کشمیر میں آزاد پریس پر پابندی ہے، جن ملکوں میں پاکستانی مقیم ہیں وہ وہاں اپنے ہمسائیوں کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں معلومات دیں، مقررین کا کہنا تھا کہ اسپین میں جنرل الیکشن ہو رہے ہیں پاکستانی کمیونٹی جس سیاسی جماعت کو چاہیں ووٹ دیں لیکن ان سے یہ وعدہ لیں کہ وہ جیت کر مسئلہ کشمیر کو اپنی پارلیمنٹ میں اجاگر کریں گے۔

سوشلسٹ پارٹی اسپین کے نمائندہ خوسے ماریا سالا، نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنی مرضی سے جینے کا حق دیا جانا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی تائید کرنا ہے، ندائے کشمیر کے راجہ سونی نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو فیس بک، ٹویٹر اور دوسرے زرائع ابلاغ کے ذریعے اجاگر کر سکتے ہیں۔

قونصل جنرل بارسلونا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کرنے کے بعد یہ سوچنا کہ اس کا ری ایکشن نہیں ہوگا تو یہ بھارت کی بھول ہے جس مجاہد نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں خود کش دھماکا کیا، اسکے ساتھ بھارت نے ایسی زیادتی کی ہوگی کہ اسے ایسا کرنا پڑا، انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو بارسلونا میں کشمیری اور پاکستانی ہزاروں کی تعداد میں نکل کر یوم شہدا کشمیر منائیں گے۔

کانفرنس کے اختتام پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ایسی کانفرنسز کا انعقاد بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 71 سال سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، بھارتی فوج نے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کیا ہے، سیکڑوں افراد کے بارے میں معلوم ہی نہیں کہ وہ کہاں ہیں، جیلیں بے گناہوں سے بھری پڑی ہیں۔

عصمت دری کی تعداد کا اندازہ ہی نہیں لگایا جا سکتا، بھارتی فوج  آل آوٹ کے عنوان سے کشمیر میں آپریشن کر رہی ہے جس کا مقصد تمام کشمیریوں کو اس وادی سے نکالنا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ اور دنیا کی بڑی طاقتوں کو چاہئیے کہ وہ بھارتی فوج پر زور دیں کہ وہ کشمیر سے اپنی فوج فی الفور نکالے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود اردایت کا حق دے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہماری ماوں بہنوں بیٹیوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے اس کو بیان کرنے کے لئے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہیئے کہ وہ اس بربریت کو بند کرانے میں مدد کرے،  اوورسیز پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ دوسرے ممالک میں رہتے ہوئے وہاں کی مقامی کمیونٹی اور پارلیمنٹ سمیت سرکاری اداروں تک مسئلہ کشمیر کی آواز پہنچائیں، کانفرنس کے اختتام پر شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔


تازہ ترین