• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’سعودی ولی عہد نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے‘‘


وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ کہہ کر کہ ’’مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں‘‘ پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں۔


واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے دو روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں، جہاں وزیر اعظم عمران خان نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

نور خان ایئر بیس پر وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کابینہ کے ارکان نے سعودی مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم ہاؤس میں سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے طیارے کوپاکستان کی حدود میں داخل ہوتے ہی ایف 16 اور جےایف تھنڈر طیاروں نے اپنے حصار میں لے لیا اور پورے پروٹوکول کے ساتھ نور خان ایئربیس اسلام آباد تک پہنچایا جہاں شاہی مہمان کو وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر مہمان داری خسرو بختیار نے خوش آمدید کہا۔

نور خان ایئر بیس پر معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی، وزیر اعظم عمران خان ولی عہد کے ہمراہ خود گاڑی ڈرائیو کر کے پرائم منسٹر ہاؤس آئے، ایئر بیس تا پی ایم ہاؤس راستوں کو پاک سعودی پرچموں، بینرز اور بل بورڈز سے سجایا گیا، راستے میں جگہ جگہ روایتی ڈانس اور بھنگڑا پارٹیوں نے علاقائی رقص پیش کر کے شاہی مہمان کو خوش آمدید کہا۔

پرائم منسٹر ہاؤس آمد پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، سعودی ولی عہد کی وزیر اعظم عمران خان سے ون آن اور بعد میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، وزیر اعظم کی طرف سے شاہی مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔


تازہ ترین