• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، ڈیویلیئرز کی قیادت میں لاہور قلندر کا دھمال، ملتان کو 6 وکٹ سے شکست

شارجہ (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ فور میں اے بی ڈی ویلیئر زکی قیادت میں لاہور قلندرز کا زبردست دھمال ۔ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ وائزے کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز ڈرامے کے بعد چھ وکٹ سےہرادیا ۔ ڈیوڈ وائزے نے آخری گیند پر ایکسٹرا کور میں چھکا مارکر لاہور کو ناقابل یقین فتح دلوائی۔ اے بی ڈی ویلیئرز کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ شارجہ اسٹیڈیم میں بیس ہزار سے زائد تماشائیوں نے ٹورنامنٹ کا بہترین میچ دیکھا۔ اے بی ڈی ویلیئر اور وائزے نے پانچویں وکٹ کی نا قابل شکست شراکت میں45گیندوں پر97رنز بناکر لاہور کے ناممکن دکھائی دینے والے ہدف کو ممکن کردیا۔ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ وہ لمحہ تھا جب وائزے جنید کی نوبال پر آئوٹ ہوئے۔ اے بی ڈیویلیئرز نے29گیندوں پر52ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ انہوں نےتین چھکے اور تین چوکے مارے۔ ڈیوڈ وائزے نے5چھکوں کی مدد سے20گیندوں پر45ناٹ آئوٹ رنز اسکور کئے۔201رنز کے ہدف کے تعاقب میں قلندرز نے آخری گیند پر میچ جیت کر دوسری فتح حاصل کی۔اوپنرفخر زمان35 گیندوں پر 63 رنز بنا کر جنید خان اور سہیل اختر 10 رنز بنا کر محمد الیاس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ سلمان بٹ جو پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے صرف 17 رنز بنا پائے۔ آغا سلمان نے دو رنز بنائے جبکہ دو رنز بنا کر برینڈن ٹیلر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ جنید خان39رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ قبل ازیں قلندرز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ملتان نے چھ وکٹ پر 200رنز بنائے۔ اوپنرز جیمز ونس اور عمر صدیق نے ابتدائی اوورز میں 11رنز کی اوسط سے اسکور کیا۔ ان کے درمیان 135 رنز کی شراکت ہوئی۔ ملتان نے14اوورز میں دو وکٹ پر155رنز بنائے تھے۔ لیکن بولروں نے کم بیک کیا اور آخری چھ اوورز میں صرف45رنز بن سکے۔ جیمز ونس چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے41 گیندوں پر84 رنز بنا کر سندیپ لمیچن کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ کپتان شعیب10رنز بنا کر سندیپ لمیچن کا دوسرا شکار بنے۔ عمر صدیق 53 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 38گیندیں کھیلیں۔ دو چھکے اور چھ چوکے مارے۔ آندرے رسل سات ، ڈین کرسچین21اور لوری ایونز آٹھ رنز بناسکے۔46 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کر کے سندیپ لمیچن نمایاں بولر رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین