• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زہر خورانی سے جاں بحق 5 بچوں کی پھوپھی بھی چل بسیں

کراچی میں کوئٹہ سے آنے والے 5 بچوں کے مبینہ زہر خورانی کے باعث انتقال کے بعد رات گئے ان بچوں کی پھوپی بھی اسپتال میں انتقال کر گئیں۔

بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تفریح کی غرض سے آنے والے خاندان کے 5معصوم بچے گزشتہ روز مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

آج اسپتال میں داخل ان بچوں کی پھوپھی بھی چل بسیں، جس کے بعد مبینہ زہر خورانی سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کی پھوپھی کا انتقال گزشتہ رات دوران علاج ہو گیا تھا۔

یہ خاندان سرکاری گیسٹ ہاؤس قصر ناز میں ٹھہرا ہوا تھا، انہوں نے صدر کراچی کے ایک ریسٹورنٹ سے کھانا منگا کر کھایا تھا جس کے بعد طبیعت خراب ہونے پر ان پانچوں بچوں، ان کی والدہ اور پھوپھی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بچے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کرگئے ، جبکہ ان کی والدہ کو طبی امداد دے کر اسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا۔

بچوں کی پھوپھی کی حالت تشویش ناک تھی اور وہ آئی سی یومیں داخل تھیں،انہیں بعد میں وینٹی لیٹر پر شفٹ کیا گیا تھا،جو رات گئے انتقال کر گئیں۔

پانچوں بچوں کی میتیں گزشتہ شب ان کے آبائی علاقے پشین روانہ کر دی گئی تھیں جبکہ ان کی پھوپھی کی میت آج روانہ کی جائے گی۔

پانچوں بچوں کےجاں بحق ہونے کے واقعے کے بعد گزشتہ روز سندھ فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے مذکورہ ریسٹورنٹ پر چھاپہ مار کر وہاں سے مختلف چیزیں اپنی تحویل میں لی تھیں کئی افراد کو حراست میں لیا تھا جبکہ ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا تھا۔

تازہ ترین