پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 146 رنز کا ہدف دے دیا۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،سلطانز نے جانسن چارلس کی نصف سنچری(53)،شعیب ملک 22 اور عمر صدیق 20 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں10 وکٹ پر 145 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی طرف سے جیمز ونس اور عمرصدیق نے اننگز کا آغاز کیا،ونس بغیر رن بنائے حسن علی کا پہلا شکار بن گئے،یوں ملتان سلطانزکی ایک کے اسکور پر ایک وکٹ گر گئی۔
دوسری وکٹ پر عمر صدیق نے جانس چارلس کے ساتھ مل کر 80 رنز کی شراکت قائم کی،9 ویں اوور کی دوسری گیند پر عمر صدیق 20 رنز کو ڈاسن نے پولارڈ کی مدد سے قابو کرلیا۔
ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 84 کے اسکور پر اننگز کے ٹاپ اسکورر جانس چارلس کی گری،جو 53 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر عمید آصف کا شکار بن گئے،انہوں نے اس دوران 4 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے لگائے۔
پشاور زلمی کو چوتھی کامیابی 117 کے اسکور پر ملی،سمین گلن نے ملان کی مدد سے ڈین کرسچین کو پویلین کی راہ دکھادی، ملتان سلطانز کے بیٹسمین نے 17 رنز کی اننگز کے دوران ایک چوکا لگایا۔
ملتان سلطانز کی پانچویں وکٹ کپتان شعیب ملک کی گری،وہ 140 کے اسکور پر 22 رنز بناکر حسن علی کا دوسرا شکار بنے، انہوں نے24 گیندوں پر حیران کن طور پر ایک بھی بائونڈری نہیں لگائی۔
چھٹے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین شاہد خان آفریدی تھے جو 11 گیندوں پر 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،ان کی وکٹ بھی حسن علی کے حصے میں آئی ۔
ملتان سلطانز کے ساتویں آوٹ ہونے والے بیٹسمین حماد اعظم تھے جو بغیر کوئی رنز بنائے حسن علی کو اپنی وکٹ تھمابیٹھے،یوں میچ میں حسن علی کی 4وکٹیں مکمل ہوئیں۔
پشاور زلمی کو 144 کے اسکور پر 2 وکٹیں مل گئیں،پہلے وہاب ریاض نے محمد الیاس کو بولڈ کیا،اگلی گیند پر جنید خان صفر پر رن آوٹ ہوگئے،ملتان سلطانز کے کرس گرین آوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے جو 3 کے انفرادی اسکور پر رن آوٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 4، سمین گل، عمید آصف، ڈیوڈ ملان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ ملتان سلطانز 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔