پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 146 رنز کا ہدف دیا جو پشاور زلمی نے 5 وکٹ پر 19.4 اوورز میں حاصل کرلیا ہے۔
ملتان سلطانز کی اننگز کی خاص بات جانسن چارلس کے شاندار 53 رنز کے ساتھ شعیب ملک 22 اور عمر صدیق 20 رنز رہے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز اوپن کی،پہلے اوور میں ہی کامران اکمل 6 کےمجموعی اسکور پر 4 رنز بناکر محمد عرفان کا شکار بن گئے۔
دوسری وکٹ پر امام الحق نے ڈیوڈ میلان کے ساتھ مل کر اسکور میں 68 رنز کا اضافہ کیا، 74 کے اسکور پر ڈیوڈ میلان 38رنز بناکر کرسچین کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔
پشاور زلمی کی تیسری وکٹ 114 رنز پر گری،ڈاسن 14 رنز بناکر کرسچین کا دوسرا شکار بنے۔
ملتان سلطانز کو 115 کے اسکور پر اہم ترین وکٹ مل گئی، 5 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 52 رنز بنانے والے امام الحق کو جنید خان نے پویلین کا راستہ دکھایا۔
پانچویں وکٹ پر کیرون پولارڈ نے کپتان ڈیرن سیمی کے ساتھ مل کر 25 رنز کی دھواں دھار شراکت قائم کی اور میچ پشاور زلمی کے حق میں موڑ دیا،140 کے اسکور پر 10 گیندوں پر 25 رنز بنانے والے پولارڈ کو جنید خان نے قابو کرلیا۔
کپتان ڈیرن سیمی 5 اور وہاب ریاض 2 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
ملتان سلطانز کے محمد جنید اور کرسچین نے 2،2 اور محمد عرفان نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔
میچ میں عمدہ کارکردگی پر حسن علی کو مین آف میچ قرار دیا گیا، انہوں نے 4 اوورز میں 17 رنز کے عوض 4 وکٹ حاصل کئے تھے۔