• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، پولارڈ کے مسلسل 4 چھکے، پشاور نے ملتان کو ہرادیا


شارجہ (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں پشاو زلمی نے میدان مار لیا۔ کیرون پولارڈنے فاسٹ بولر محمد عرفان کو چار گیندوں پر چار چھکے مار کر مشکل نظر آنے والی جیت کو آسان بنا دیا۔ ملتان سلطانز کو پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچوں میں چوتھی شکست ہوئی ہے۔ کیرون پولارڈ نے دس گیندوں پر25 رنز بنائے۔ زلمی نےدلچسپ مقابلے کے بعد دو گیندیں پہلے پانچ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ڈیرن سیمی پانچ رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ اتوار کی شب شارجہ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے پانچویں میچ میں تیسری کامیابی حاصل کی۔ امام الحق چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ امپائر کے متنازع فیصلے پر ان کو ایل بی ڈبلیو کرنے والے بولر جنید خان تھے۔ امام الحق نے مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔ پولارڈ 25 رنز بنا کر ڈین کرسچیئن کی وکٹ بنے۔ اوپنر کامران اکمل چار رنز بناسکے۔ ڈیوڈ ملان نے امام الحق کے ساتھ 68 رنز کی کامیاب پارٹنرشپ قائم کرنے کے بعد 38 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ لیام ڈائوسن 18 رنز بناسکے۔ جنید خان نے چار اوورز میں27رنز دے کر دو اورمحمد عرفان نے42رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ شاہد آفریدی نے دس گیندیں کرائیں اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ قبل ازیں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ سلطانز کی پوری ٹیم 145 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حسن علی نے17 رنز کے عوض چار شکار کیے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں تیسری بار چار وکٹ حاصل کئے۔ ملتان کو اس میچ میں آندرے رسل کی خدمات حاصل نہیں ہیں ۔ عمر صدیق اور جانسن چارلس نے 80 رنز کی ایک اچھی شراکت بنائی ۔ اوپنر جیمس ونس بغیر کوئی رن بنائے بغیر بولڈ ہوئے۔ عمر صدیق19 ، جانسن چارلس پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 اور ڈین کرسچین 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اننگز کے 18ویں اوور میں حسن علی نے کپتان شعیب ملک 22، شاہد آفریدی 14 اور حماد اعظم صفر کو آئوٹ کردیا۔

تازہ ترین