• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یکم مارچ سے ملک گیرعوام رابطہ مہم شروع کریں گے، سراج الحق

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی نے یکم مارچ سے ملک گیر عوام رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اتوار کو سابق رکن قومی اسمبلی میاں اسلم کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی سے چترال تک عوام رابطہ مہم شروع کرے گی اورپچاس لاکھ گھروں پر دستک دےکر اسلامی انقلاب کاپیغام پہنچائے گی،پی ٹی آئی حکومت ڈیلیورنہ کرسکی ،نظام فیل ہوگیا،پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ نے اقتدارکے مزے لوٹ کرملک کومقروض کردیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ڈیلیور نہ کرسکی،الیکشن سےپہلے وزیراعظم عمران خان سونامی کی نوید سنارہےتھے مگر دوروز قبل ان کے وزیرخزانہ اسد عمر نے نئی نوید سنائی ہے کہ موجودہ صدی کے آخر میں پاکستان دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا،جس کا مطلب کہ وہ بات کرنے سےپہلےسوچتے بھی نہیں کہ موجودہ صدی کے مکمل ہونے میں ابھی 81 سال باقی ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ بنیادی طور پر نظام فیل ہوگیا ہے، پی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیا، پیپلز پارٹی کی طرح عوام کوسبز باغ دکھا کر اقتدار تو آگئی مگر نہ کوئی منصوبہ بندی تھی اور نہ کوئی ویژن نظر آیا، چار بار پیپلز پارٹی اورچار بار مسلم لیگ اقتدار کے مزے لوٹ کر ملک کو کھربو ں روپے کے مقروض کرگئے ہیں۔
تازہ ترین