مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا،جس میں 6 فوجی اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ائر فورس کے اہلکاروں کو لے کر جانے والا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ضلع بڈگام کے علاقے جیرنڈ کلاں میں گرکر تباہ ہوگیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق واقعے میں بھارتی فضائیہ کے 6 اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہوگئے۔
بھارتی حکام کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر کھلے میدان میں گرتے ہی 2 ٹکرے ہوگیا،جس میں آگ بھڑک اٹھی۔
بھارتی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے 2 بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانے اور پائلٹ کی گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی مقبوضہ کشمیر میں لوگ خوشی سے گھروں سے باہر نکل آئے اور ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے۔
ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام پر بھی سیکڑوں کشمیری جمع ہوئے اور قابض بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں ’جیوے جیوے پاکستان‘ اور ’آزادی‘ کے نعرے لگائے۔
پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے آج بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مارے گرائے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔