پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لئے 173 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز عمر صدیق اور جیمز ونس نے اننگز کی شروعات کیں اور 38 رنز کی بنائے، عمر صدیق 18 رنز کی اننگز کھیل کر ونس کا ساتھ چھوڑ گئے۔
اس کے بعد جانسن چارلس بیٹنگ کے لئے آئے اور دونوں بیٹسمینوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 76رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 114 تک پہنچایا، چارلس 57رنز بناکر ڈاؤسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ونس تھے جو 41 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔
کرسچین نے 18 جبکہ شاہد آفریدی نے صرف ایک رن بنایا۔
شعیب ملک نے ناقابل شکست 28 رنز کی اننگز کھیلی، یوں ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172رنز بنائے۔
حسن علی، ڈاؤسن اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سطانز کی ٹیم میں جیمس ونس، عمر صدیق، جانسن چارلس، شعیب ملک، ڈین کرسچین، ٹام موریس، شاہد آفریدی، نعمان علی، محمدالیاس، جنید خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم امام الحق، کامران اکمل، عمر امین، آندرے فلیچر، کائرون پولارڈ، لیام ڈاؤسن، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، عمید آصف اور ابتسام شیخ پر مشتمل ہے۔
پشاور زلمی نے پانچ میچ کھیلے، دو جیتے اور تین ہارے، یوں اس کے 6 پوائنٹس ہیں جبکہ ملتان سلطانز نے 6 میچز کھیل کر دو جیتے اور چار ہارے، اس طرح اُس کے 4 پوائنٹس ہیں۔