• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد قیصر کی مودی پر تنقید، 178 ممالک کو خط لکھ دیا

پاک بھارت کشیدگی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی کود پڑے،نریندر مودی کی جنگ پسندی پر تنقید کی اور ساتھ دنیا کے8 17 پارلیمان کے نام خط لکھ دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر کی 178 پارلیمانی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو خط لکھا ہے جس میں حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی پارلیمنٹ کی منظور کردہ مشترکہ قرارداد ارسال کی ہیں۔

ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق دنیا بھرکی 178 پارلیمنٹس کے اسپیکر کو 26 اور 27 فروری کو خط لکھا گیا جس میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔

اسد قیصر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ عالمی امن کی خاطر پاکستان ضبط اورتحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنی مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گاجبکہ پاکستانی ماہر پائلٹوں کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی نئی دہلی کے لیے واضح پیغام ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں کہا کہ بحثیتعوام کے منتخب کردہ نمائندگان، آپ اپنے رائے دہندگان کے حقوق، امن اور سلامتی کے نگہبان ہیں، کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی غصب اور بربریت کا نوٹس لیجیے اور دنیا کو جنگ کی ہولناکیوں سے محفوظ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

دوسری طرف صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات میں نشستیں جیتنے کے لیے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کررہے ہیں ۔

اسد قیصر نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سب تدبیریں الٹی ہوگئی ہیں، دوا نے بھی کچھ کام نہیں کیا جبکہ ساری دنیا کے سامنے مودی کی شخصیت کھل کر سامنے آگئی ہے، وہ خود اپنی چال میں پھنس گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون ایسے حملوں کی اجازت نہيں دیتا، مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

تازہ ترین