کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں11 مارچ تک توسیع کر دی۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی تو آصف علی زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی مدت آج ختم ہو رہی تھی، سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا 'اسلم مسعود کہاں ہیں جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ وہ راستے میں ہیں آج عدالت میں پیش کیے جائیں گے، وہ 7 مارچ تک کے راہداری ریمانڈ پر ہیں۔
عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی مزید سماعت 11 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آصف زرداری سمیت 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ مقدمے میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی نامزد ہیں جن پر جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے جب کہ مقدمے میں شریک ملزمان حسین لوائی، عبدالغنی مجید اڈیالہ جیل میں ہیں۔
مقدمے میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید عبوری ضمانت پر ہیں جب کہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کیس کے ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے کیس اسلام آباد منتقلی کی درخواست ہمیں فراہم کی ہے اور ہم نے نیب کی مخالفت کی اور جواب داخل کرانے کے لئے مہلت مانگی ہے۔
فاروق ایچ نائیک کے مطابق 11 مارچ کو کیس کی منتقلی سے متعلق نیب کی درخواست پر جواب دیں گے، کیس کراچی کا ہے تو کراچی میں ہی سنا جائے، آصف زرداری کراچی میں نہیں ہیں اس لیے آج وہ پیش نہیں ہوئے۔