کھاریاں (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمارا اصل مسئلہ آزادی کشمیر ہے،مسئلہ حل کئے بغیرپاکستان بھارت تنازعات ختم نہیں ہو سکتے، پاکستانی قوم کا عزم و حوصلہ، روشن چہرے اور ولولہ بھارت کیلئے موت کا پیغام اور پاکستان کیلئے زندہ باد کا پیغام ہے، پاکستانی حکومت ایک قدم آگے بڑھ کر اقوام متحدہ اور دنیا کے ہر فورم پر جاکر اعلان کرے کہ جب تک بھارتی فوج کشمیر میں موجود ہے، پلوامہ کی طرز کے حملے ہوتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے لائن آف کنٹرول پر انڈین بمباری سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جاتے ہوئے کھاریاں کے مقامی ہوٹل میں ناشتہ پر غیر رسمی گفتگو اور گلیانہ میں استقبال کیلئے جمع ہونے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، پنجاب شمالی کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم، جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیرالعظیم، ضلع گجرات کے امیر سید ضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین بھی انکے ہمراہ تھے،۔