پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 191رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں5وکٹ پر 190 رنز بنائے،اننگز کی خاص بات بابراعظم 56 اور افتخار احمد کے ناقابل شکست 44 رنز رہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل فور کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز کی طرف سے بابر اعظم اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر شاندار 69رنز کی شراکت قائم کی۔
کولن منرو 30رنز بناکر فواد احمد کا شکار بن گئے،انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 2چھکے اور ایک چوکا بھی لگایا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسری وکٹ 84 کے مجموعے پر مل گئی، کراچی کنگز کے لیونگ اسٹون صرف 5 رنز بناکر محمد نواز کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔
کراچی کنگز کے تیسرے آوٹ ہونے والے بیٹسمین کولن انگرام تھے، 24 رنز کی اننگز کے دوران انہوں نے 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا،118 کے اسکور پر وہ محمد حسین کا پہلا شکار بن گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اوپنر بابر اعظم کی اہم ترین وکٹ125 کے اسکور پر مل گئی،کراچی کنگز کے اوپنر نے 56 رنز کی اننگز کے دوران 6 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
کراچی کنگز کی پانچویں وکٹ 156 کے اسکور پر گری، بین ڈنک 18 رنز بناکر سہیل تنویر کو وکٹ تھما بیٹھے۔
کراچی کنگز کی طرف سے افتخار احمد نے ناقابل شکست 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی،انہوں نے 18 گیندیں کھیلیں اور 5 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 2،سہیل تنویر، فواد احمد اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔