کراچی (اسٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے بیٹے ملزم نمر مجید، ذوالقرنین مجید، شہزاد جتوئی سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتوں میں 15 مارچ تک توسیع کردی۔ عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ملزمان کے وکلاء نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب نے درخواست میں قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے، نیب یہ بھی نہیں بتا سکا کہ کون سا الزام ہے جو نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ، فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے فیصلوں کے مطابق مقدمہ دوسرے صوبے میں منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ پیر کو بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت فاروق ایچ نائک نے سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ جبکہ فریال تالپور کے عدالت پہنچنے کے بعد ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست واپس لے لی گئی، حسین لوائی، عبدالغنی مجید ،نمر مجید، مصطفی ذوالقرنین مجید ، شہزاد جتوئی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، ملیر جیل حکام نے انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرایا۔