• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کبھی کبھار دِل چاہتا ہے کہ روزمرّہ پکوانوں سے ہٹ کرکچھ منفرد،کچھ مختلف بھی پکایا اور کھایا جائے۔ تو چلیں، آج ہماری جانب سے پیش کردہ چند مزے دار تراکیب سے اپنا عام دسترخوان کچھ خاص بنائیں۔

ڈرم اسٹک بریانی

اجزاء: چکن ڈرم اسٹکس( لیگ پیسز) آٹھ عدد،چاول ایک کلو، پیاز (کٹی ہوئی)دو عدد ،ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،ثابت گرم مسالا ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ منشاء،سفیدزیرہ ایک چائے کا چمچ،دھنیا(پِسا ہوا)ایک چائے کا چمچ، سُرخ مرچ (کُٹی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ،ہرا دھنیا(باریک کاٹ لیں)ایک چوتھائی گڈی،ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی)تین عدد،ٹماٹر(کاٹ لیں)تین عدد،دہی ایک کپ،زردہ رنگ ایک چٹکی،زعفران (پانی میں گھول لیں)حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب: پہلے تیل گرم کرکے پیازگولڈن فرائی کرکے، آدھی پیاز نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔ باقی میں ادرک، لہسن کا پیسٹ اور ثابت گرم مسالا ڈال کر ایک سے دو منٹ بھونیں۔پھر چکن اور دیگر اجزاءڈال کر تھوڑا سا بھون لیں اور ڈھک کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔اب چاول اُبلنے کے لیے چولھے پر رکھیں،جب ایک کنی رہ جائیں، توتیار شدہ چکن کامسالا پھیلا دیں۔آخر میں فرائی پیاز، زردہ رنگ اور زعفران چھڑک کر دَم دے دیں۔لیجیے ،گرما گرم، مزے دار چکن ڈرم اسٹک بریانی تیار ہے۔

(فائزہ اسلم،لاہور)

حیدرآبادی چکن

اجزاء: چکن دو کلو، پیاز(باریک کاٹ لیں) چار عدد، ہری مرچیں(باریک کٹی ہوئی)آٹھ عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ تین کھانے کے چمچ، دہی(پھینٹ لیں)دو کپ، گرم مسالا(پِسا ہوا)دو چائے کے چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، مونگ پھلی کے دانے ایک چوتھائی کپ، کھوپرا (پِسا ہوا)،کاجو اور بادام کی گِری حسبِ منشاء، سورج مکھی کے بیج ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا(باریک کاٹ لیں)ایک گڈی، پودینا(باریک کاٹا ہوا)ایک تہائی کپ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب: چکن دھو کر چھلنی میں رکھ دیں،تاکہ پانی خشک ہوجائے۔ مونگ پھلی اور سورج مُکھی کے بیج کوٹ کر دہی میں شامل کرکے الگ رکھ دیں۔ ایک پین میں تیل گرم کرکے، کاجو اور بادام فرائی کرلیں اور ایک پلیٹ میں ٹشو پیپر بچھا کر اس پر رکھ دیں۔ اب اسی تیل میں پیاز فرائی کریں، سُنہری ہونے پر ادرک، لہسن کاپیسٹ ڈال کر بھون لیں۔اب اس میں ہلدی، نمک اور ہری مرچیں ڈال کر ایک منٹ تک بھونیں، پھر دہی والا آمیزہ ڈال کر اتنا بھونیں کہ مسالا تیل چھوڑ دے۔پھر اس میں چکن ڈال کر تھوڑا سا بھونیں اور ایک کپ پانی ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب چکن گل جائے، تو گرم مسالا، ہرادھنیا اور پودینا ڈال کر تھوڑی دیر اور بھون لیں۔ آخر میں لیموں کا رس، تلے ہوئے کاجُو اور بادام بھی ڈال دیں۔گرما گرم روٹی یا پراٹھوں کے ساتھ تناول کریں۔

(سلمیٰ انصاری،حیدرآباد)

فرائی مچھلی

اجزاء: مچھلی آدھا کلو، ہری مرچ(پِسی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ (کُٹا ہوا) ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا کھانے کا چمچ، سویا ساس دو کھانے کے چمچ، سرکہ ڈیڑھ کھانے کا چمچ، دہی دو کھانے کے چمچ، میدہ حسبِ ضرورت، لیموں ایک عدد اور تلنے کے لیے تیل۔

ترکیب: مچھلی کے ٹکڑےدھو کرنمک لگا کےرکھ دیں،پھر آٹا مل کردوبارہ دھوئیں، تاکہ بُو ختم ہوجائے۔دہی میں سوائے بیسن اور لیموںکے، تمام اجزاءاچھی طرح مکس کرلیں اورپھر مچھلی کے ٹکڑے شامل کرکے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔بیسن میں حسبِ ضرورت نمک، مرچ ڈال کرگھول لیں۔ اب اس میں مچھلی کے ٹکڑے اس میں ڈبو کر فرائی کرتی جائیں۔ دسترخوان پرپیش کرنے سے قبل لیموں چھڑک لیں۔

گلاب جامن

اجزاء: میدہ دو کھانے کے چمچ، کھویا ایک پائو، سوجی ایک کھانے کاچمچ، بیکنگ پائوڈر آدھاچائے کا چمچ، انڈا (پھینٹ لیں)ایک عدد اور تیل حسبِ ضرورت۔

شیرہ بنانے کے لیے: چینی آدھا کلو، پانی ایک کلو اور سبز الائچی (پیس لیں) دس دانے۔

ترکیب: کھویا اور میدہ اچھی طرح مکس کر یں۔ اب اس میں سوجی، بیکنگ پائوڈر، انڈااور حسبِ ضرورت تیل ڈال کر گوندھ لیں۔ پھر اس کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر رکھ لیں۔ اب ایک پتیلی میں پانی لیں اور چینی اورالائچی کا سفوف ڈال کر ہلکی آنچ پر شیرہ بنالیں۔کڑاہی میں تیل گرم کرکے گلاب جامن اچھی طرح فرائی کرکےشیرے میں ڈالتی جائیں۔ آدھے گھنٹے بعد نکال لیں۔ لذیذگلاب جامن تیار ہیں۔

(ثنا نذیر ،نوشہرو فیروز)

تازہ ترین