• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فور کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لئے 187رنز کا ہدف دیا ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو ابتداء ہی میں نقصان اٹھانا پڑا، دوسرے ہی اوور میں ٹائمل ملز نے گذشتہ میچ میں 99 رنز بنانے والے احمد شہزاد کو صرف ایک رن پر کلین بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھادی تھی۔

نئے بیٹسمین احسن علی نے شین واٹسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ اس دوران شین واٹسن نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

واٹسن تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 43 گیندوں پر6چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے  71رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 122رنز کا اضافہ کیا۔

احسن علی 32گیندوں پر 46رنز بناکر سمین گل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

روسوؤ لمی اننگز نہ کھیل سکے اور 11 رنز بناکر پولارڈ کا شکار بنے۔

اس موقع پر عمر اکمل اور کپتان سرفراز احمد نے رنز بنانے کی ذمہ سنبھالی لیکن لمبی شراکت نہ بناسکے اور عمر اکمل 22رنز بناکر سرفراز احمد کا ساتھ چھوڑ گئے۔

سرفراز احمد بھی صرف 12رنز بناسکے جبکہ براوو 12 اور محمد نواز 2رنز کے پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 186رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 2، جبکہ حسن علی، ملز، سمین گل اور پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 4 کے دونوں لیگ میچز میں پشاور زلمی کے خلاف فاتح رہی ہے،آج کے میچ کی کامیاب ٹیم سیدھی فائنل میں جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو فائنل تک رسائی کا ایک اور موقع ملے گا۔

دبئی میں 15 فروری کو ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 156رنز کا ہدف دیا جو سرفراز الیون نے 4 وکٹ کے نقصان پر 19 اعشاریہ 4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ میں دوسرا میچ 4 مارچ کو ابوظہبی میں کھیلا گیا،پشاور زلمی نے ایک بار پھر پہلے بیٹنگ کی اور اس بار 166 رنز کا ہدف سیٹ کیا جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 18ویں اوورمیں صرف 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پشاور زلمی او ر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پی ایس ایل 4 میں تیسری بار مدمقابل ہیں،اس بار ڈیرن سیمی نے سرفراز الیون کے خلاف پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پشاور زلمی کپتان ڈیرن سیمی کی قیادت میں کامران اکمل، امام الحق، صہیب مقصود، مصباح الحق، کیرون پولارڈ، لیم ڈوسن، وہاب ریاض، حسن علی، ثمین گل اور ٹائمل ملز پر مشتمل ہے۔

سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں احمد شہزاد، شین واٹسن، احسن علی، ریلی روسو، عمر اکمل، ڈیوئن براوو، سہیل تنویر، محمد نواز، محمد حسنین اور فواد احمد کھیل رہے ہیں۔

تازہ ترین