• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی، تنخواہوں میں اضافے پر وزیراعظم ناراض، گورنر کو دستخط کرنے سے روک دیا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں بے پناہ اضافے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اس کو مایوس کن اوربلاجوازقرار دیا ہے اور گورنر پنجاب محمد سرور کوتنخواہوں کی سمری پر دستخط کرنے سے روک دیا‘عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مراعات سے متعلق بل دوبارہ ایوان میں لانے کا کہا ہے‘ ادھرچوہدری سرورکا بھی کہناہے کہ وہ وزیراعظم کی اجازت کے بغیرسمری منظور نہیں کریں گے‘ وفاقی وزیرفواد چوہدری اور وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے تنخواہوں میں اضافے کی پہلے بھر پور حمایت کی تاہم وزیراعظم کی مخالفت کے بعد دونوں نے یوٹرن لے لیا‘وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی عون چوہدری نے بڑھی ہوئی تنخواہ نہ لینے کااعلان کردیا‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہبازگل نے کہاہے کہ وزیراعظم سادگی کی پالیسی پر گامزن ہیں اور پنجاب حکومت انہی کے وژن کو آگے بڑھائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزرا اور خصوصا وزیراعلی کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کا فیصلہ سخت مایوس کن ہے‘ اس طرح کے فیصلوں کا کوئی دفاع نہیں کیا جاسکتا‘پاکستان خوشحال ہوجائے تو شاید یہ قابل فہم ہو مگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی وسائل دستیاب نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی پنجاب اسمبلی کے اس فیصلے پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے قانون براہ راست پی ٹی آئی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کی خلاف ورزی کررہے ہیں‘ان نازک معاشی حالات میں یہ رویہ شرم ناک ہے۔

تازہ ترین