کراچی/مٹھی(اسٹاف رپوٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں صحیح اور بلاتفریق احتساب ہوا تو حکومتی کیبنٹ سمیت پارلیمنٹ میں موجود ارکان کی اکثریت جیلوں میں ہوگی، اسلامی انقلاب کے بغیر غربت وافلاس سے نجات سمیت تھرپارکر کی عوام قسمت تبدیل نہیں ہوسکتی ،وزیراعظم ودیگر سیاسی جماعتوں نے وعدے کئے مگر الخدمت نے عملی کام کرکے تھرپارکر کے عوام کو الخدمت ہسپتال کا ایک بہترین تحفہ دیا،الخدمت ہسپتال میں ڈاکٹر ودیگر عملہ کا خدمت خلق کا جذبہ اور تھرکے عوام کی خوشیاں دیکھ کردلی خوشی اور قلبی سکون ملا، ایک سو فیصد مفت علاج اور مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی منتظمین کا بہترین کارنامہ ہے ، جماعت اسلامی اور الخدمت بلاتفریق اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ تھر سمیت سندھ کے عوام کی خدمت کرتی رہے گی، الخدمت اسپتال تھرپارسمیت پورے ملک میں اپنی مثال آپ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھی میں 60بیڈز پر مشتمل اسپتال کا دورہ اور اس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔