• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رینجرز کارروائی، بھتے اور دستی بم حملے کے 3ملزمان گرفتار

کراچی میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ طلب کرنے والے اور دستی بم پھینک کر فرار ہونے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

رواں سال یکم مارچ کولیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں دستی بم پھینکنے کا واقعہ رونما ہوا، جس کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

رینجرز کی خصوصی ٹیم نے ہینڈ گرینیڈ حملے کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لیاری اور گارڈن کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے3 ملزمان عبد العزیز، ماجد اورسہیل عرف اکرم عرف سنی کو گرفتار کر لیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان نے لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں واقع ایک میڈیکل اینڈ جنرل اسٹورکے مالک سے 3 لاکھ روپے بھتہ دینے کا مطالبہ کیااور بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

مذکورہ بالا اسٹور کے مالک کی جانب سے بھتہ نہ ملنے پر ملزمان نے میڈیکل اینڈ جنرل اسٹورکے قریب ہینڈ گرینیڈ پھینکا اور ساتھ ہی جان بوجھ کر کالعدم تنظیم کا پمفلیٹ پھینک کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفتیش کا رُخ موڑنے کی کوشش کی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ بھتہ وصولی میں لیاری گینگ وا ر کے مارے گئے سرغنہ غفار ذکری کے بھائی شیراز ذکری کے گروپ کے لیے سہولت کاری کا کام سر انجام دے رہے ہیں، اس سلسلے میں ملزمان نے غیر ملکی سِم نمبر کا ایک واٹس ایپ گروپ بھی بنا رکھا ہے جس کے ذریعے وہ لیاری گینگ وار شیراز ذکری گروپ کے دیگر کارندوں سے رابطے میں تھے۔

گرفتار ملزمان کھارادر، کھڈا مارکیٹ، علی محمد لین، لی مارکیٹ، کلری، بہار کالونی اور لیاری کے مختلف علاقوں کے تاجروں سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث ہیں۔

رینجرز نے ملزمان کے قبضے سے دستی بم، ڈیٹونیٹر، کلاشنکوف، 9 ایم ایم پسٹل، 10 گولیاں،آوان لانچر اور 4 بم بر آمد کرتے ہوئے ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں۔

تازہ ترین