• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنکاروں کا مہوش حیات پر تنقید کرنے والوں کو جواب

پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیےجانے کے بعد انہیں لوگوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایاجارہاتھا،جس پرپاکستانی فنکارمہو ش حیات کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں اور انہوں نے تنقید کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا ہے۔

اداکارہ مہوش حیات کو جب سے انڈسٹری میں قابلِ دید خدمات سر انجام دینے پر پاکستان کے چوتھے بڑے سول اعزاز تمغہ امتیاز دینے کا اعلان ہوا ہے تب سے سوشل میڈیا پراُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اسی تنقید کا جواب دینے کے لیےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرپاکستانی فنکار مہوش حیات کے شانہ بشانہ کھڑے ہو گئے اور اُنہیں تمغہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی۔

خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نےاپنے ٹوئٹ میں مہوش حیات کو تمغہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی پر تنقید کر کےتوجہ حاصل کرنا لوگوں کا روز کا معمول بن چکا ہے۔


اداکار فہد مصطفیٰ نے مہوش حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تم اس ایوارڈکی حقدار ہو،تمہیں لکس ایوارڈ نہیں ملا تھا کیونکہ تم اُس سے بھی بڑاےاعزاز کی حقدار تھی۔


معروف سوشل ورکر اقرارالحسن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ تنقید کرنے والے ذرا ایمانداری سے بتائیں کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے اور پچھلے چار پانچ برسوں میں کامیاب ہونے والی فلموں کے لئے اگر آپ کو کسی کو ایوارڈ دینا ہوتا تو ان کے علاوہ وہ کون ہوتا ؟


اداکار عثمان خالد بٹ نےاپنے ٹوئٹ میں مہوش حیات کو مبارکباد دی اورکہا کہ آپ کاکام خود بولتا ہے۔ تنقیدکرنےوالوں کوجواب دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اگر کوئی صرف اور صرف مقبولیت حاصل کرنے کی خاطر کسی کردار کو بدنام کرتا ہے تو وہ واقعے ہی قابلِ نفرت ہے۔


اداکار شان شاہد نے بھی اپنے ٹوئٹ میں تمغہ امتیاز ملنے پر مہوش حیات سمیت بابرا شریف اورریما خان کو مبارکباد دی اور کہاکہ مہوش حیات نے اپنے کام سے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔


گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی اپنے انسٹاگرام پر مہوش حیات کو مبارکباد دی اور تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا،انہوں نے کہا کہ جب اُنہیں2006 میں تمغہ امتیاز سے نوازاگیا تھا، اُس وقت وہ بہت حیران اور بے حد خوش بھی ہوئیں تھیں۔

حدیقہ کیانی نے کہا کہ پاکستان کےلیے سرانجام دینے والی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے اُنہیں اس اعزاز سے نوازا گیاتھا۔وہ وقت ایسا تھا جب بہت لوگوں نے اُنہیں بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن پھر بھی اُنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا اور پاکستان میں ہی کام کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں کےاندر نفرت انگیزی بڑھتی جا رہی ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ نفرت انگیزی پھیلانے سے بہتر ہے کہ ہم سب کی کامیابی پر اُنہیں سراہیں اور محبت بانٹیں۔

اُنہوں نے کہاکہ جو لوگ اچھا کام کر رہے ہیں اُن کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں اوراتحاد قائم کریں۔


اداکارہ ارمینا خان نے بھی اپنے ٹوئٹ میں مہوش حیات کومبارکباد یتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ بغیر کسی تعصب کے کھڑی ہیں۔


گلوکار شہزاد رائے نے ٹوئٹ میں مہوش حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُن پر بہت فخر ہے۔


واضح رہے کہ اداکارہ مہوش حیات کوانڈسٹری میں قابلِ دید خدمات سرانجام دینےکےلیےرواں سال23مارچ کو صدر پاکستان عارف علوی  کی جانب سے پاکستان کے چوتھے بڑے سول اعزاز تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تازہ ترین