• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کا زرداری اور نواز شریف کو انجن بدلنے کا مشورہ


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو انجن بدلنے کا مشورہ دے ڈالا ۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کراچی میں لوکو شیڈ ریلوے ورکشاپ پہنچے تو کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بچہ بن کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ سیاسی موت مارا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو بلاول کو کچھ نہیں کہا ہے، مجھ ڈر ہے کہ کہیں بلاول کپڑے پھاڑ کر میرے خلاف تھانے نہ چلا جائے اور ایف آئی آر نہ کٹوا دے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام سے تعلق بری بات ہے تو میں جرم قبول کرتا ہوں، ملک لوٹنے والے ڈاکو، چور اور لٹیرے آج ضمانتیں کرواتے پھر رہے ہیں۔

مزدوروں سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج ریلوے مزدوروں کی وجہ سے چل رہی ہے، مزدوروں کو ایک ماہ میں تین ہزار روپے اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔

انہوں نے کراچی سے دو نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جلد چین جائیں گے جہاں 1700 کلو میٹر ریلوے ٹریک کا معاہدہ کیا جائے گا۔

وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پیکیج لایا جارہا ہے جس سے وہ با آسانی اپنا گھر بناسکیں گے۔

تازہ ترین