• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ،کرسچن کمیونٹی کا نیوزی لینڈ میں مساجد پرحملے کے خلاف احتجاج

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کرسچن کمیونٹی کے زیر اہتمام نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گردانہ حملے کیخلاف اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر شمعیں بھی روشن کی گئیں،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بشپ وکٹر پرگاسم ، پادری مقصود ، ناصر مسیح ، شہزاد کندن اور ولیم برکت نے کہا کہ دہشتگردوں کا نہ تو کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ ان کا انسانیت سے کوئی تعلق ہے ، بلوچستان میں آباد اقلیتیں اس طرح کے واقعات کی نہ صرف مذمت کرتی ہیں بلکہ ایسے واقعات کو دہشت گردی قرار دیتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ مسیح برادری نیوزی لینڈ کی مساجد میں شہید ہونیوالے مسلمانوں کے خاندانوں کے غم میں برابرکی شریک ہے اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آزادی کے ساتھ اپنی عبادات کرتے اور زندگی بسر کررہے ہیں ، بھارت کے پاکستان کیخلاف عزائم کی مذمت کرتے ہیں اور ہم پاکستانی ہونے کی حیثیت سے بھارت کی پالیسیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں رہنے والے تمام مسیح پاک فوج کے ساتھ ہیں اگر مشکل وقت آیا تو ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ ملک کے دفاع کیلئے تیار ہیں ، اس موقع پر مظاہرین نے شمعیں بھی روشن کیں ۔  
تازہ ترین