کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی پر کوئٹہ والے خوشی سے نہال ہوگئے،کرکٹ دیوانوں نے روایتی رقص کر کے سماں باندھ دیا
ملک بھر بالخصوص کوئٹہ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت کا شاندار جشن منایا گیا، شائقین کا کہنا ہےکہ غیر ملکی شائقین کو پاکستان میں کھیلتا دیکھنا ان کےلیے کسی خوشی سے کم نہیں ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کا فائنل جیتا،ایوب اسٹیڈیم میں موجود شائقین خوشی سے دیوانے ہوگئے، رقص کرکے اپنے ٹیم کی جیت کا جشن منایا۔
پشاور میں بڑی اسکرین پر میچ دیکھنے والے زلمی کے سپورٹرز میں تھوڑی خاموشی رہی مگر سب ہی کا ماننا تھا کہ پی ایس ایل کا پرامن انعقاد پورے پاکستان کی جیت ہے۔
کوئٹہ کی جیت کے ساتھ لاہور میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ترانے گونجنےلگےاورڈی جے براوور کے گانے پر شرکا جھومتے نظر آئے۔
اسلام آباد میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کےلیے ڈی ایچ اے اور دیگر مقامات پر شائقین کا بہت بڑا مجمع اکٹھا ہوا، کوئٹہ اور پشاور دونوں کے سپورٹرز میں میچ کے دوران بھرپور جوش و خروش نظر آیا۔
فیصل آباد، ملتان، سکھر اور حیدرآباد سمیت ملک بھر میں کھیلوں کے شائقین نے پاکستان میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا ہے جنہیں امید ہے کہ آیندہ سال وہ اپنے شہروں میں بھی ایسے ہی مقابلے انجوائے کرسکیں گے