تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: سدرہ حنیف
بیگز: ابرِش لیدر گُڈز(Abrish Leather goods)
ملبوسات: مِشلز کِری ایشن
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
خوشبیر سنگھ شادؔ کا ایک شعر ہے؎’’مَیں روز و شب کے اس معمول سے تنگ آچُکا ہوں…مسلسل ایک ہی ماحول سے اُکتا چُکا ہوں‘‘واقعی، جب زندگی ایک ہی ڈھب پر گزرنے لگے، تو دِل کے کسی کونے میں پڑی بےزاری تارِ عنکبوت بن جاتی ہے، یہاں تک کہ آس پاس بکھری چھوٹی چھوٹی خوشیاں تک نظروں سے اوجھل ہونے لگتی ہیں۔ اور پھر بقول منشی امیر اللہ تسلیم؎’’صُبح ہوتی ہے، شام ہوتی ہے…زندگی یوں ہی تمام ہوتی ہے‘‘۔آپ اپنی زندگی کے کینوس پر جمود طاری نہ ہونے دیں اور اس کے لیے ایک بہترین طریقہ تویہ ہے کہ اپنے پیاروں سے ملتے ملاتے رہیں، ساتھ ہی روزمرّہ معمولات، گھر کی آرایش اور سجنے سنورنے کے انداز میں بھی کبھی کبھار ردّو بدل کرلیا کریں، تاکہ کسی حد تک روز وشب میں نئے پن کا احساس گُھلا رہے۔ اب یہی دیکھ لیں، اس بار ہم نے بھی اپنی بزم، روٹین سے ہٹ کر کیسے رنگا رنگ اسٹائلش شولڈر بیگز سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے، بلیو جینز اور مسٹرڈ رنگ شرٹ کے ساتھ سُرخ رنگ لیدر شولڈر باکس بیگ کس قدر اسٹائلش لُک دے رہا ہے۔ پھر نیوی بلیو جینز، سفید بیس پر رنگ برنگی تتلیوں والی شرٹ کے ساتھ سیاہ رنگ سیچل(satchal) ہینڈ بیگ ایک لاجواب انتخاب ہے۔تو رَسٹ رنگ میں لیدر شولڈر بیگ بھی خُوب ہے۔ سفید جینز، سُرخ شرٹ کے ساتھ براؤن رنگ لیدر بیگ بھلا لگ رہا ہے، تو سُرخ اور آف وائٹ کے کامبی نیشن میں کلچ اسٹائل شولڈر بیگ کے تو کیا ہی کہنے۔ ایک جانب سیاہ کوٹ پینٹ کے ساتھ بسکٹی رنگ بریف کیس اسٹائل لیدر بیگ کا جلوہ ہے، تو اسی شیڈ کا ایک شولڈر بیگ بھی خُوب صُورت انتخاب ہے۔ پھر شام کی تقریب کے لیے سیاہ جینز اور چیک کی سُرخ و سفید شرٹ کے ساتھ اسٹائلش سُرخ رنگ شولڈر بیگ کی دِل آویزی بھی کمال ہے۔ فاختائی رنگ اسٹائلش ٹائٹس، شرٹ کے ساتھ عنّابی رنگ شولڈر بیگ خوش گوار تاثر دے رہا ہے، تو چاکلیٹ براؤن رنگ زپ اراؤنڈڈ شولڈر بیگ کی بھی کیا ہی بات ہے۔
ان دِنوں فضاؤں میں پھولوں کی مہک خُوب رچی بسی ہے، تو کہیے، خوشبو کے اس موسم میں رنگا رنگ شولڈرز بیگز کی بہار نے آپ کے ارد گرد بھی ایک خوش گواریت کا سا احساس گھول دیا ناں…؟؟