اسلام آباد… غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی کاپی سمیت مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔
سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے فیصلے کے خلاف درخواست پرسماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نےکی ۔سابق صدر کے وکیل ملک طاہر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کے باوجود ٹرائل کورٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔وارنٹ گرفتاری کے فیصلے کو معطل کیا جائے ۔
سابق صدر کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی کاپی سمیت مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔
عدالت نے دستاویزات جمع کرانے کے لیے 3روز کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سابق صدر نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔