جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش میں نیب کے نوٹس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے، آج نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے زرداری گروپ آف کمپنیز کے 4جعلی اکاؤنٹس سے تعلق کے بارے میں پوچھا جائے گا۔
سابق صدر اور ان کے بیٹے بلاول بھٹو سے پارک لین اسٹیٹس کی طرف سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرض فرنٹ کمپنی میسرز پارتھنن کے ذریعے نیشنل بینک اور سمٹ بینک سے لینے اور اس قرض کو 2.8 ارب تک ری اسٹرکچر کرانے سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔
آصف زرداری اور بلاول سے پارک لین اسٹیٹس میں شئیر ہولڈر ہونے کے بارے میں بھی سوالات کیے جائیں گے۔
پیپلز پارٹی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر اپنے ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کو نیب آنے کے لیےخصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔
نیب نے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو خط لکھ دیا ہے۔