• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپیکر کی رولنگ کے باوجود ڈیل کو تیسری بار ووٹنگ کیلئے کامنز میں پیش کریں گے، بریگزٹ سیکرٹری

لندن (پی اے ) برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم تھریسا مے کی بریگزٹ ڈیل کو سپیکر جان برکائو کے فیصلے کے باوجود ووٹنگ کیلئے کامنز میں پیش کرے گی۔ گزشتہ روز سپیکر جان برکائو نے کہا تھا کہ ایک ہی ڈیل کو دوبارہ ووٹنگ کیلئے کامنز میں پیش نہیں کیا جا سکتا ۔ کامنز میں ڈیل پر ووٹنگ کیلئے ضروری ہے کہ اس میں ٹھوس تبدیلیاں کی گئی ہوں ۔ سپیکر کے اس فیصلے سے ووٹنگ کا پراسس شکوک کا شکار ہو گیا۔ بریگزٹ سیکریٹری سٹیفن بارکلے نے کہا کہ مے کی بریگزٹ ڈیل پر ووٹنگ اگلے ہفتے ہو سکتی ہے۔ وزیراعظم تھریسا مے یورپی یونین کے لیڈرز کے ساتھ ملاقات میں بریگزٹ کو موخر کرنے کی اجازت حاصل کریں گی۔ جان برکائو نے رولنگ دی تھی کہ وزیراعظم کامنز میں اسی ڈیل کو دوبارہ ووٹنگ کیلئے واپس نہیں لاسکتی ہیں جس کو ایم پیز نے مسترد کر دیا ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیل پر نئی ووٹنگ کیلئے ضروری ہے کہ اس میں کچھ ٹھوس تبدیلیاں کی گئی ہوں۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کی طے شدہ تاریخ 29 مارچ 2019 ہے جس میں صرف 9 دن باقی ہیں اور غیر یقینی صورت حال میں نوڈیل بریگزٹ کے خدشات بڑھ رہے ہیں ۔ وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ ارکان اس ہفتے یورپی رہنمائوں کے ساتھ ہونے والی بریگزٹ ڈیل کی حمایت کر کے اس کی منظوری دیں گے۔ بی بی سی ریڈیو فور کے پروگرام ٹوڈے میں گفتگو کرتے ہوئے بریگزٹ سیکرٹری سٹیفن بارکلے نے کہا کہ کامنز سپیکر نے سنجیدہ رولنگ دی ہے اور منسٹرز بھی اس پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ ریفری کا احترام کرنا اور اس کے فیصلوں کی تعمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جان برکائو خود ماضی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ پارلیمنٹ کو صرف نظائر سےہی گائیڈ کیا جا سکتا ہے ورنہ کچھ تبدیل نہیں ہو سکے گا۔ جان برکائو نے مسترد شدہ ڈیل کو تیسری بار ووٹنگ سے روکنے کے اپنے فیصلے کا جواز پیدا کرنے کیلئے 1604 سے رولنگ کی نشان دہی کی۔ بریگزٹ سیکرٹری نے کہا کہ تھریسا مے حکمراں اتحادی جماعت ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی (ڈی یو پی) کے 10 ارکان اور دیگر ایم پیز کو اپنی ڈیل کی حمایت کیلئے قائل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو ڈیل کو منظوری کیلئے تیسری بار پیش کر دیا جائے گا۔ سٹیفن بارکلے نے کہا کہ ڈیل ووٹنگ کیلئے پیش کیے جانے کا انحصار اس پر بھی ہے کہ وزیراعظم تھریسا مے کی آرٹیکل 50 میں توسیع کے حوالے سے یورپی یونین سے کیا شرائط طے پاتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات تسلیم کی کہ پارلیمنٹ سے ڈیل کی منظوری کے بعد بریگزٹ کے پراسس کیلئے مختصر توسیع ہو گی تاکہ ضروری قانون سازی کی جا سکے۔ بی بی سی نیوز نائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے چلڈرن اینڈ فیملیز منسٹر نیڈہم ژاہاوی نے کہا کہ جان برکائو نے 400 سال پرانے جس کنونشن کا حوالہ دیا ہے اس کو نظر اندازکر کے ڈیل کو کامنز میں پیش کرنا محتلف آپشنز میں سے ایک ہے۔ سالیسٹر جنرل رابرٹ بک لینڈ نے کہا کہ سپیکر کی رولنگ کو اوور رول کرتے ہوئے ڈیل کو کامنزمیں لائے جانے کے زیادہ امکانات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایم پیزکی اکثریت یہ چاہتی ہے کہ ڈیل کو ایوان میں دوبارہ لایا جائے تو اس کو سپیکر کے موجودہ بلاک کے باوجود پیش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئین سے پارلیمنٹ کا اجلاس ختم کرنے اور پھر بلانے کی درخواست کرنے کے بجائے یہ زیادہ عملی حل ہے۔ بریگزٹ کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی کیلئے لیبر لیڈر جیرمی کوربن ایس این پی لبرل ڈیموکریٹس اور دیگر پارلیمانی پارٹیز کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کر ررہے ہیں۔ ان جماعتوں کے رہنمائوں نے مشترکہ بیان میں بریگزٹ پر ایک اور ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ اس بارے میں عوام کو دوبارہ فیصلہ کرنے کا اختیار دینا ہی آگے بڑھنے کیلئے بہترین اور جمہوری راستہ ہے۔ جیرمی کوربن یورپی یونین کے ساتھ برطانیہ کے ناروے سٹائل تعلقات کے خواہاں ایم پیز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ 

تازہ ترین