• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کے امور سینئر رہنمائوں کی سات رکنی ٹیم چلارہی ہے

اسلام آباد (طارق بٹ) مسلم لیگ (ن) کے اندرون و بیرون پارلیمنٹ امور ایک سات رکنی ٹیم چلارہی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنمائوں پر مشتمل مذکورہ ٹیم پابند زنداں سابق وزیراعظم نواز شریف کی غیرموجودگی تمام کلیدی فیصلے کرے گی۔ اس ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ اس گروپ کی منظوری پارٹی کی مجلس عامہ نے گزشتہ دسمبر میں دی تھی۔ جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب شامل ہیں۔ اس گروپ کے اہم امور پر تبادلہ خیال اور مشاورت کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹیوں کے ساتھ اجلاس کے علاوہ پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے رہیں گے تاکہ ناقابل قبول سرکاری پالیسیوں پر مشترکہ موقف اختیار کیا جاسکے۔ یہ گروپ ضرورت پڑنے پر کوٹ لکھپت جیل جاکر بھی نواز شریف سے رہنمائی لے گا۔ شہباز شریف کی ضمانت کے بعد یہ سات رکنی مشاورتی ٹیم ان سے مسلسل رابطے میں ہے۔
تازہ ترین