• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری نیب میں اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے بعد باہر آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے بلاول بھٹو زرداری کو نادرا چوک پر میڈیا ٹاک سےروک دیا، بلاول بھٹوکو نیب میں پیشی کےبعد نادرا چوک میں میڈیا سے گفتگو کرنا تھی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کا ایشو ہے بلاول بھٹو کو نادرا چوک میں میڈیا ٹاک کی اجازت نہیں دے سکتے۔ بلاول بھٹو پریس کانفرنس کرنا چاہیں تو کسی اور جگہ کرلیں۔ پولیس حکام نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔

واضح رہے کہ پارک لین کمپنی اور منی لانڈرنگ کے کیسز میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کے صاحبزادے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو ئے جہاں آصفہ بھٹو بھی بلاول کے ساتھ تھیں۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے نیب تفتیش کے دوران آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی کیگئی تھی۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی عمارت میں الگ الگ کردیا گیا تھا جہاں دونوں سے الگ الگ ٹیمیں سوالات کر رہی تھیں۔

اس کے علاوہ آصف زرداری اور بلاول کی نیب ہیڈ کوارٹر ز آمد کے موقع پر اطراف میں سخت سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا تھا۔

تازہ ترین