• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری، بلاول بھٹو کی پیشی پر نیب کا اعلامیہ


سابق صدر آصف زرداری اورپیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد میں پیشی پر نیب نے اعلامیہ جاری کردیا۔

نیب نے اعلامیہ میں کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آج نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے، دونوں سے 3 مختلف کیسز میں تقریبا 2 گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔

اعلامیے مطابق ڈی جی نیب کی قیادت میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سابق صدر اور پی پی چیئرمین سے 2 گھنٹے کی تفتیش میں فی الحال صرف 3 مقدمات میں سوالات کئے۔

نیب کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 3 مقدمات سے متعلق تحریری سوالنامہ بھی آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے حوالے کیا اور ساتھ ہی جوابات 10 دن کے اندر فراہم کرنے کا کہا۔

اعلامیے کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو آج دیے گئے جوابات اور سوالنامے کے جوابات کا جائزہ لیا جائے گا،جن کی روشنی میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نیب کے مطابق سابق صدر اور پی پی چیئرمین کے خلاف جاری تحقیقات براہ راست چیئرمین نیب کی نگرانی میں کی جارہی ہیں، نیب آئین و قانون کے مطابق تفتیش منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے ۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا کہ نیب کسی دباو کو خاطر میں لائے بغیر بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے کام جاری رکھے گا۔

تازہ ترین