• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر بنانے کے لیے جہاں مالی وسائل درکار ہوتے ہیں، وہاں ایک اور اہم مرحلہ گھر کے لیے ڈیزائن کا انتخاب اور اس ڈیزائن کے مطابق گھر تعمیر کرنا ہوتا ہے۔ اپنے خوابوں کے حسین گھر کو اپنے ذہن میں موجود سوچ، خاکے اور تخیل کے مطابق بنوانے میں آرکیٹیکٹ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ آرکیٹیکٹ وہ شخص ہوتا ہے، جو درحقیقت آپ کی سوچ کو حقیقت کا روپ دیتا ہے۔وہ گھر کی منصوبہ بندی سے لے کر تعمیر کے ہر مرحلے اور تکمیل تک آپ کا بہترین دوست اور مشورہ کار ہوتا ہے۔ گھر کی تعمیر میں آرکیٹیکٹ کی اس قدر اہمیت کے پیشِ نظر یہ ضروری ہے کہ آپ ، آرکیٹیکٹ کے انتخاب پر خصوصی توجہ دیں۔ ایک آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرتے وقت آپ کو کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے، آئیے جانتے ہیں۔

قابلیت

گھر کی تعمیر کے لیے آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرتے وقت آپ کو سب سے پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ آپ آرکیٹیکچر، نقشہ یا ڈیزائن کس معیار کا چاہتے ہیں۔ ایک اچھے اور معیاری آرکیٹیکٹ کی بنیادی خوبی تو یہ ہونی چاہیے کہ وہ لوکیشن کی مناسبت سے سب سے بہترین اور مؤثر ترین ڈیزائن بنانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ ڈیزائن ایسا ہونا چاہیے، جو اس میں رہنے والے خاندان کی تمام ضروریات کو پورا کرسکے۔ ہرچندکہ کچھ لوگ تعمیراتی لاگت کو اہمیت نہیں دیتے، وہ صرف معیاری کام چاہتے ہیں، تاہم ایک اچھے آرکیٹیکٹ میں یہ خوبی موجود ہوتی ہے کہ وہ کام کے معیار پر سمجھوتا کیے بغیر، اسے کم سے کم لاگت میں مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ عمارت کا ڈیزائن ایسا ہو کہ یہ دیکھنے والے ہر شخص کو متاثر کرسکے اور اس میں کچھ نہ کچھ خاص ضرور ہو، جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرسکے۔ آرکیٹیکٹ کو تخلیقی ذہن کا ہونا چاہیے، چھوٹی چھوٹی تفصیلات پر نظر رکھنے والا ہو اور ڈیزائن اس طرح بنائے کہ بعد کے مرحلے میں اگر ڈیزائن میں تھوڑی بہت تبدیلی کا ارادہ بھی ہو تو ان تبدیلیوں کو بآسانی شامل کیا جاسکے۔

دستیابی

آرکیٹیکٹ کو گھر کی تعمیر میں بھی شامل رہنا چاہیے۔ انھیں وقت نکال کر سائٹ پر آکر یہ دیکھنا چاہیے کہ تعمیراتی کام ڈیزائن کے عین مطابق ہورہا ہے یا نہیں۔ انھیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کام کس طرح سے آگے بڑھایا جارہا ہے، اگر کہیں کوئی تبدیلی یا کمی بیشی محسوس کرے تو اسے فوری طور پر اس کی نشاندہی کرنی چاہیے۔ ایک اچھا آرکیٹیکٹ ہر وقت ٹھیکیدار کی رہنمائی کے لیے دستیاب رہتا ہے۔ اسے اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہیے کہ گھر کی تعمیر میں شامل ٹیم، مالک مکان کی خواہشات کے مطابق کام کرے۔ تعمیر کے ہر مرحلے پر اسے ٹھیکیدار اور مالک مکان کی رائے لینی چاہیے کہ ان کے خیال میں گھر کا ڈیزائن کس طرح بن کر سامنے آرہا ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ آپ کو کسی ایسے آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرنا چاہیے، جو آپ کے اپنے شہر یا علاقے میں موجود ہو اور آپ کی دسترس میں ہو۔

لچک

لچک سے مراد یہ ہے کہ آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرتے وقت آپ کو یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ آپ کی رائے کا کس حد تک احترام کرتا ہے اور آپ کے ساتھ بزنس میٹنگ میں آپ کی ضروریات کا کتنا خیال رکھتا ہے۔ آرکیٹیکٹ کو اپنے کلائنٹ کی تجاویز اور تبدیلیوں کو ڈیزائن میں شامل کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے اور اس کی رائے کا احترام کرنا چاہیے۔ آرکیٹیکٹ کو اپنے کلائنٹ کی ترجیحات کو سب سے اوپر رکھنا چاہیے۔ ایک اچھے آرکیٹیکٹ کو ہرممکن حد تک اس طرح خدمات فراہم کرنی چاہئیں کہ اسے مزید رہنمائی کے لیے کسی اور کی طرف نہ دیکھنا پڑے۔

تجربہ

بہتر یہی رہے گا کہ ایسے آرکیٹیکٹ کا انتخاب کریں جو کم از کم، آپ کی ضرورت کے مطابق گھر ڈیزائن کرنے کا کچھ نہ کچھ تجربہ رکھتا ہو۔

مہارت

آرکیٹیکٹ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے کام میں مہارت اور اس کا مکمل علم رکھتا ہو۔ آرکیٹیکٹ کو تعمیرات اور ٹھیکیداری کی تفصیلات اور مراحل کا علم ہونا چاہیے۔ اسے تعمیرات میں استعمال ہونے والے کئی طرح کے مٹیریل اور تعمیراتی تیکنیکس کا علم ہونا چاہیے۔ آرکیٹیکٹ کو ان طریقوں اور رہنما اصولوں کی نشاندہی کرنے میں بھی مہارت حاصل ہونی چاہیے، جن پر عمل پیرا ہونا ہے۔ مختصراً یہ کہ، آرکیٹیکٹ کو کلائنٹ کی خواہش کے مطابق، گھر تعمیر کرنے کے مؤثر اور کم لاگت طریقوں کا علم ہونا چاہیے۔

ٹیکنالوجی کا استعمال

آرکیٹیکٹ کو گھر کا بلیو پرنٹ اور ماڈل، مکمل تفصیل کے ساتھ ڈیزائن کرنے کا اہل ہونا چاہیے۔ درحقیقت، آرکیٹیکٹ کے پاس ایک سے زائد بلیوپرنٹس تیار ہونے چاہئیں، جن میں مختلف زاویوں سے کام کرنے کی تفصیلات درج ہوں۔ آرکیٹیکٹ میں گھر کے تفصیلی خاکے اور تھری ڈی ماڈل تیار کرنے کی بھی صلاحیت ہونی چاہیے۔

مقامی قوانین کا علم

آرکیٹیکٹ کو علم ہونا چاہیے کہ وہ جس علاقے میں کام کررہا ہے، وہاں متعلقہ حکومتوں یا سرکاری اداروں کی جانب سے تعمیرات کے کون سے مروجہ قوانین لاگو ہیں۔ ان قوانین سے متعلق اسے ٹھیکیدار اور مالک مکان کو بھی تفصیل سے بتانا چاہیے، تاکہ دورانِ تعمیر وہ بھی ان کا خیال رکھیں۔

اِنٹیریئر

ایک اچھے آرکیٹیکٹ کو صرف دیواروں اور بیرونی تعمیر تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے۔ درحقیقت ایک آرکیٹیکٹ اسی وقت اچھا کہلائے گا، جب وہ گھر کے بیرونی ڈیزائن کے ساتھ ساتھ گھر کے اِنٹیریئر ڈیزائن کو بھی کلائنٹ کی ضرورت اور خواہش کے مطابق، پیشہ ورانہ اور مؤثر طریقے سے ڈیزائن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

تازہ ترین