• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: طاہر رفیع اور اجمل رشید بٹ انتخابات میں حصہ لیں گے

پاکستانی نژاد معروف سماجی شخصیت اور صدر پاکستان فیملی ایسوسی ایشن اسپین طاہر رفیع کو ہسپانوی سیاسی جماعت ’’سیوتادانوس‘‘ کی جانب سے رواں سال اپریل کے آخر میں قومی انتخابات میں ایم این اے کی نشست پر بطور امیدوار میدان میں اتارا جا رہا ہے جبکہ سانتاکلوما کی یونین کونسل کے لیے اجمل رشید بٹ جنرل سیکریٹری ’’ پِیس فار پِیس ایسو سی ایشن‘‘ کو کونسلر کی سیٹ جیتنے کے لیے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

سابق اُمیدوار سیوتادانوس برائے صوبائی اسمبلی طاہر رفیع نے اپنی جماعت کی ہدایات پر امیدوار ایم این اے کے ٹکٹ کے لیے درخواست دی جسے سیوتا دانوس کے قائدین نے منظور کرتے ہوئے طاہر رفیع کو 28 اپریل 2019 ءکو ہونے والے قومی انتخابات میں اپنی جماعت کی طرف سے ایم این اے کا الیکشن لڑنے کے لیے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی نژاد طاہر رفیع سیاسی جماعت سیوتادانوس کی طرف سے دسمبر 2017ء میں ’’کاتالونیا‘‘ کی صوبائی نشست کے لیے انتخاب لڑ چکے ہیں۔

دوسری طرف اسی سیاسی جماعت کی طرف سے اجمل رشید بٹ پہلی مرتبہ کونسلر کا انتخاب لڑیں گے اور یہ پہلی پاکستانی نژاد شخصیت ہیں جو اسپین کی کسی بڑی سیاسی جماعت کی طرف سے مقامی سطح پر جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی نمائندگی کریں گے۔ یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ صوبہ کاتالونیاکے گزشتہ صوبائی انتخابات میں سیوتادانوس سیاسی افق پر سب سے بڑی جماعت بن ابھری تھی۔

طاہر رفیع، علی رشید بٹ، عرفان مجید راجہ اور اجمل رشید بٹ اور اُن کی ٹیم کی 20 سالہ سماجی اور سیاسی خدمات کو دیکھتے ہوئے طاہر رفیع کو صوبائی سے اُٹھا کر قومی نشست پر انتخابی فہرست میں شامل کیا گیا اور انہیں اُمیدوار بنا کر میدان میں اُتارا گیا ہے۔

دو پاکستانیوں کو ہسپانوی بڑی سیاسی جماعت کی طرف سے الیکشن فہرست میں امیدوار شامل کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی کمیونٹی پاکستانیوں کی تعداد اور ان کے وجود کو تسلیم کرنے پر راضی ہو گئی ہے۔

اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہماری آنے والی نسلوں کا بہتر مستقبل محفوظ ہونے جا رہا ہے۔

تازہ ترین