• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بھارت جیسے مکار دشمن سے مکمل چوکنا رہنا ہے‘

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت جیسے مکار دشمن سے مکمل چوکنا رہنا ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں الیکشن تک اتار چڑھاؤ دکھائی دے گا، بھارت کئی معاملات کو سکیورٹی کونسل میں لے جانا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلے بھی امن کو ترجیح دی، اب بھی دیتے ہیں، مودی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہم امن کے راستے پر چلنے کو تیار ہیں، تاہم بھارت نے جارحیت کی تو دفاع کا حق رکھتے ہیں، دفاع کیا ہے اور کریں گے بھی۔

انہوں نے سندھ کے علاقے ڈھرکی کی ہندو لڑکیوں کے مبینہ اغوا سے متعلق کہا کہ اگر کسی اقلیتی فرد کے ساتھ زیادتی ہوئی تو ہم اس کا ساتھ دیں گے۔

وزیر خارجہ نے بھارتی ہم منصب کا نام لئے بغیر کہا کہ ہم اپنی اقلیتوں کا پورا دفاع کریں گے، ہم دوہرا معیار نہیں رکھتے۔

تازہ ترین