مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ وزیروں نے نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑایا ہے، اس سے پہلے ان کی اہلیہ کی بیماری پر غیر سنجیدہ رویہ رکھا گیا تھا پھر بعد میں شرمندہ بھی ہوئے۔
نارووال میں اپنے ڈیرے پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت نواز شریف کی صحت کے حوالے سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، مسلم لیگ ن کو بہت سے تحفظات اور خدشات ہیں، اگر نواز شریف کو نقصان ہوا تو ذمہ داری براہ راست عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب پرہو گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ہم نے قانونی راستہ اختیار کیا ہے، کارکن قانونی راستے کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔
ا حسن اقبال نے کہا کہ اگر حکومت نے اپنے فصلیوں پر نظر ثانی نہ کی تو مسلم لیگ ن عوام کے ساتھ احتجاج کرنے پر مجبور ہو گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی فنڈز کو نصف کر دیا ہے. سی پیک کے فنڈز کی اپنے ایم این ایز اور ایم پی اے ایز میں بندر بانٹ شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن میں کہا کرتے تھے کہ ایم این ایز اور ایم پی اے ایز کے فنڈز سیاسی رشوت ہوتی ہے، آج وہی فنڈز کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جو منصوبے التوا کا شکار ہوئے ہیں اس سے پاکستان پر کئی سو ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا۔