ملتان (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایوان صنعت و تجارت ملتان آمد پر آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے ان کا کالی جھنڈیوں سے استقبال کیا گیا ، تاجروںنے احتجاجی مظاہرہ کیا اورایوان تجارت وصنعت کے سامنے دھرنا بھی دیا، اس موقع پر تاجروں نے گو ڈار گو کے نعرے لگائے ۔ تاجروں کی جانب سے ٹماٹر اور انڈے برسانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا تھا جو ترکی کے سفیر کی آمد کےباعث ملتوی کردیا گیا۔اس موقع پرآل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ود ہولڈنگ ٹیکس اور ایمنسٹی سکیم کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی ، اب دمادم مست قلندر ہوگا ۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ حکومتی ایجنٹ، نام نہاد تاجر لیڈرذاتی مفادات کی خاطر تاجر برادری کے کاز کو نقصان نہ پہنچائیں بصورت دیگر ان کا سوشل بائیکاٹ کیا جائیگا ۔مظاہرین نے حکومت پر واضح کیا کہ وہ اپنی احتجاجی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ود ہولڈنگ ٹیکس اور ایمنسٹی سکیم کا خاتمہ نہیں ہوتا ۔ حکومت اگر اپنے دھونس و دھاندلی کے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا ، ٹماٹر اور انڈوں سے حکومتی وزراء کے استقبال ہوتے رہیں گے ۔ اس موقع پر تاجر رہنما اختر بٹ ، چوہدری حنیف ، عارف فصیح اللہ ، شیخ جاوید اختر ، زاہد محمود صدیقی ،جاوید اختر خان ، حاجی بابر علی قریشی ، چوہدری محمود ، قلب عابد ، شاہد شکور ، شفیق قریشی ، کامران بھٹہ ، ملک طارق ہانس ، اشفاق انصاری ، شیخ عثمان ،سجاد بھٹی ، شہباز قریشی ، نوید سیال ، اشرف منظور و دیگر تاجر برادری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔