پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں لوگوں کا پیار دیکھ کر بہت مزہ آیا،بھرپور استقبال کرنے پرعوام کا شکر گزار ہوں، لوگوں کی یہ محبتیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ اب ملک میں امن آگیا ہے اس لئے آئندہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، بحیثیت ٹیم یہاں آکر بہت خوشی ہوئی،گلیڈی ایٹرز کے تمام اہم کھلاڑی کوئٹہ آئے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونا چاہیے، پورے ملک کی طرح کوئٹہ بھی اہم شہر ہے یہاں بھی پی ایس ایل کا میچ ضرور ہونا چاہیے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ مجھے کوئٹہ آکر بہت خوشی اور حوصلہ ملا۔
احمد شہزاد نے اس بات سے اتفاق کیا کہ آئندہ پی ایس ایل پاکستان میں منعقدکیا جانا چاہیے۔