کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے کے لئے پر عزم ہیں، کامیاب رہے تو سب سے پہلے کوئٹہ آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو گورنر ہائوس کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا منفی رخ بہت زیادہ اجاگر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگ یہاں آنے سے کتراتے ہیں لیکن آج کوئٹہ شہر میں بغیر پروٹوکول کے گھوم کر احساس ہوا کہ بلوچستان پرامن ہے لوگ یہاں آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2ماہ بعد ورلڈ کپ ہے، عوام پاکستان ٹیم کو بھر پور سپورٹ کرے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ توقعات سے بڑھ کر استقبال پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ کا شکر گزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کا ٹورنامنٹ کروا کرکے ان میں سے بہترین کھلاڑیوں کی تربیت کی جائیگی ۔ آئندہ سال کوئٹہ کے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا جائیگا۔ بلوچستان پرامن اور محفوظ ہے۔ ہم یہاں محدود پروٹوکول میں بازار کا چکر لگا کر آئے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پورے ملک کو جوڑنے کا ایک بہترین اقدام ہے جس سے پورے ملک میں یکجہتی کا پیغام گیا ہے۔ دریں اثنا انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال کو سرفراز احمد اور اپنے دستخط شدہ کرکٹ بیٹ بھی پیش کئے۔ کمانڈر صدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں ٹیم دو روزہ دورہ مکمل کرکے کوئٹہ سے روانہ ہوگئی۔