• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: نیناں بتول

ملبوسات: بنجارا کرافٹس

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: عالیہ نثار

لے آؤٹ: نوید رشید

یہ جو ایک نرم ولطیف ’’جذبۂ محبّت‘‘ہے ناں، اس میں بیک وقت کئی موسم سموئے ہوئے ہیں۔ ایک بڑی پیاری نظم ہے ؎ ’’محبّت کا کوئی موسم نہیں ہوتا…مگر سارے ہی موسم ہیں محبّت کے…یہ چنچل سی پہیلی ہے…یہ خوشبو کی سہیلی ہے…یہ لاکھوں میں اکیلی ہے…بِنا سوچے، بِنا جانے، بنا پرکھے…کسی کے دِل میں جاکے گھر بناتی ہے…کبھی بارش کی بوندوں میں…کبھی یہ چلچلاتی دھوپ میں…جاکر کسی کی دھڑکنوں میں دھیمے دھیمے سُر جگاتی ہے…کبھی یہ چاندنی میں بھیگے بھیگے خواب آنکھوں کو دکھاتی ہے…کبھی یہ ریت پر کچّے گھروندے ہاتھ سے اپنے بناتی ہے…کبھی رو رو کے ہنستی ہے…کبھی ہنس کے رُلاتی ہے…کبھی یہ جیت بنتی ہے…کبھی یہ ہار جاتی ہے…محبّت کا کوئی موسم نہیں ہوتا…مگر سارے ہی موسم ہیں محبّت کے…‘‘سچ ہے کہ اِک محبّت ہی ہے، جس میں سارے موسم چُھپے ہوئے ہیں اور جب اظہارِمحبّت، مَن نگر کی منڈیر پر سایا بن کر چھانے لگے، تو چارسُو خوشیوں کے رنگ برس، برس جاتے ہیں، اب ایسے میں کون بدذوق ہوگا، جسے یہ اَن مول محبّت نصیب ہوجائے اور اس کا سجنے، سنورنے کو جی نہ مچلنے لگے۔

تو، آج ہماری بزم ایسے ہی کسی موقعے کے لیے کچھ حسین ومنفرد ہینڈ ایمبرائڈرڈ اور اپیلک ورک پیرہنوں سے مرصّع ہے، ذرا دیکھیے، سیاہ رنگ ٹائٹس کے ساتھ سُرخ رنگ بلاک پرنٹڈ قمیص کیسی پیاری لگ رہی ہے۔ آستینوں میں کہیں کہیں گھنگھرئوں کی آرایش ہے، تو گلے، دامن پر پینٹیکس کا جلوہ۔ پھر سفید رنگ ایمبرائڈرڈ ٹرائوزر کے ساتھ سفید رنگ کُرتا انداز قمیص پر گلابی رنگ تھریڈ ورک کی جاذبیت ہے، تو ساتھ اجرک کی ہم آمیزی بھی خاصا خوش گوار تاثر دے رہی ہے۔ اسی طرح سفید ٹرائوزر کے ساتھ سیاہ رنگ کُرتی پر حسین شیشہ تھریڈ ورک بہار دکھا رہا ہے، تو ساتھ چُنری کے حسین دوپٹے کے بھی کیا ہی کہنے۔ ایک جانب بلیو رنگ جینز کے ساتھ کریم رنگ ائیرلائن ہینڈ ایمبرائڈرڈ قمیص کا حُسن دِل آویز ہے، تو بلیو جینز ہی کے ساتھ سفید رنگ ہینڈ ایمبرائڈرڈ، ایپلک ورک سے آراستہ کُرتے کی جدّت وندرت بھی اپنی مثال آپ ہے۔

ان حسین، جاذبِ نظر ملبوسات میں سے کوئی سا بھی زیبِ تن کردیکھیں، رُوپ ہی رُوپ ہوا میں اُترا محسوس ہوگا۔

تازہ ترین
تازہ ترین