پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے واصف راں نے میدان مارلیا۔
ملتان کے نواحی علاقے قادر پورراں میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔
138 پولنگ اسٹیشنز میں سے 32 کو حساس قرار دیا گیا تھا،جہاں 1 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔
پی پی 218 کے تمام 138 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف کے واصف راں نے 46 ہزار 988 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں۔
ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے ارشد راں نے 39 ہزار486 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ نشست تحریک انصاف کے ملک مظہرعباس راں کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔
نشست پر پارٹی کی کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک واصف راں ساڑھے 7 ہزار ووٹوں کی برتری سےجیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج چور کی چوری پکڑی گئی ہے اور ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا ہے، پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی۔