جمعیت علما ء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی بلاول بھٹو کو شاگردی میں لینے کی خواہش ظاہر کردی۔
بلاول بھٹو زرداری کو کون شاگردی میں لے؟ اس حوالے سے شیخ رشید بھی میدان میں آگئے،انہون نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری، دل کا جانی ہے،اسے نہیں چھوڑوں گا۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ فضل الرحمٰن نے بلاول بھٹو زرداری کو شاگرد بنایا تو مولانا سے سخت لڑائی ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرداری خاندان کی سیاست ختم ہونے والی ہے،30 جون تک سارے کیسز کے فیصلے آجائیں گے۔
ن لیگ کے بارے میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا دل پارک لین لندن میں پھنسا ہوا ہے، انہیں صرف ایک ہی بیماری ہے کہ بلو کے گھر جانا ہے۔
انہوں نے دعویٰ سے کہا کہ اصل لڑائی شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان ہو رہی ہے۔
گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے بلاول بھٹو کو شاگردی میں لینے کی بات کی تھی۔