• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: شگفتہ

ملبوسات /زیورات: شانزاز کلیکشن

آرایش: لش بیوٹی سیلون بائے شہلا

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

  موسمِ سرما کی خوش گوار فضائوں میں بادِبہار کے جھونکے بھی شامل ہوچُکے ہیں کہ21مارچ سے موسمِ بہار کا جو آغاز ہوتا ہے، تو پھر21جون تک زمین کی گود گُلوں، تتلیوں کے شوخ وشنگ رنگوں سے بَھری بَھری رہتی ہے۔ اور پھر انہی دِل کش، حسین رنگوں کی برسات میں شادی بیاہ کی تقریب کا بھی خُوب شور اُٹھتا ہے۔ تو لیجیے، موسم وماحول کی عین مناسبت سے حسین اور جدید انداز عروسی پیراہن کا انتخاب پیشِ خدمت ہے۔

ذرا دیکھیے، سُرخ اور گلابی رنگوں کے حسین و دِل کش امتزاج میں ڈبل لیئر شرارے اور قدرے چھوٹی قمیص کا انداز کس قدر خُوب صُورت لگ رہا ہے۔ 

شرارے کا اِنر بنارسی اور اَپر نیٹ کا ہے، جس کے گھیر پر سلمے دبکے کا بھاری کام ہے، تو کہیں کہیں پھولوں اور شیشوں کی آرایش بھی بھلی معلوم ہو رہی ہے، جب کہ بھاری زیورات اور بابل کی دُعائوں میں رخصت ہوتے سمے سراپا حُسن چُھپانے کے لیے سُرخ رنگ کام دار چادر بھی ایک لاجواب انتخاب ہے۔ پھر سُرخ رنگ کام دار شرارے کے ساتھ میسوری فیبرک میں ڈَل گولڈن رنگے سلمے، دبکے، موتی اور نگوں سے مزیّن قدرے لمبی قمیص ہے، تو سُرخ رنگ اوڑھنی، جس کے اطراف کرن کی ہم آمیزی اچھی لگ رہی ہے۔ اسی طرح ویلوٹ کے گھیر دار شرارے، چولی کی شان بھی نرالی ہی ہے۔ باٹل گرین رنگ کی پلین چولی کی آستینوں پر گولڈن رنگ لیس کے ساتھ کرن کی آرایش ہے، تو عنّابی رنگ گھیردار شرارے پر زَری ورک بھی خُوب کِھل رہا ہے۔ جب کہ سِلک ساٹن میں سلور رنگ غرارہ پینٹ کے ساتھ نیٹ کی کام دار ٹیل شرٹ اور دوپٹے کا انداز تو بہت ہی دِل رُبا سا ہے۔

کہیے، کیسی لگی، ہماری آج کی منفرد، دیدہ زیب بزم، اِک آن میں اُفق کا آنچل گلابی ہو گیا ناں …

تازہ ترین
تازہ ترین