وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ویزا پالیسی کو مکمل طور پر بدل دیا ہے، پرانی ویزا پالیسی صرف سیاحت کو روکنے کے لیے تھی۔
ٹورازم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقامات کو سیاحت کے لیے کھولتے ہوئے ان علاقوں کے تحفظ کا خیال رکھنا ہوگا، ملک میں سیاحت کے لیے اتنے خوبصورت مقامات ہیں جن کا اندازہ حکمرانوں کو بھی نہیں ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام سڑک بنانا ، رکاوٹ دور کرنا ،تحفظ دینا ہے باقی کام نجی شعبے کرینگے،سیاحت سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا اورلوگوں کو روزگار ملے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پوری دنیا کی سیاحت کرچکا ہوں ،پاکستان کےجیسے ساحل کسی ملک میں نہیں،ناردرن ایریاز جیسے خوبصورت سیاحتی مقامات کہیں نہیں دیکھے، امریکا اور یورپ سے پاکستانی ناردرن ایریاز سیاحت کےلیے آتے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 15سال کی عمرمیں ناردرن ایریاز گیا تھا وہاں کے تمام ہوٹلز بک تھے، میرا باہر سے جو بھی دوست ایک بار ناردرن ایریاز آیا ہے بار بار آنے کا کہتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ سو نتھیا گلی پاکستان میں ہیں کسی کواندازہ ہی نہیں، پاکستان میں اب بھی ایسے سیاحتی مقامات ہیں جو اب تک دیکھے نہیں گئے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت میں سرمایہ کاری سے سب سےزیادہ منافع ہے، دنیا میں لوگ ٹورسٹس سے پیسے بناتے ہیں۔