• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استحصالی قوتوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی‘آصف زرداری

اسلام آباد (اے پی پی‘این این آئی) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ استحصالی قوتوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ قائد عوام کا خون ناحق آج بھی انصاف کا طالب ہے ۔شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے 40 ویں یوم شہادت کے موقع پراپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہاہے کہ قائد عوام نے کچلے ہوئے طبقات کو سوچنے کے لئے شعور، بولنے کے لئے زبان اور فخر سے سر اٹھاکر جینے کا ڈھنگ سکھا کر استحصالی قوتوں کو شکست دی۔ قائد عوام نے نہ ہمیں ڈرنا سکھایا ہے نہ جھکنا، دنیا کی کوئی طاقت ہماری سوچ پر پہرے بٹھا سکتی ہے نہ زباں بندی کر سکتی ہے۔وطن کے لئے جان قربان کریں گے اور قائد عوام کے نقش قدم پر چل کر ان کے پاکستان کو غربت، جہالت، استحصال اور ہر طرح کی شدت پسندی سے پاک کرنے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ادھر بھٹو کی 40ویں برسی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہاہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے بعد ملکی تعمیر و قوم سازی کے عمل میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کردار وسیع و بے مثال ہے‘قائدعوام کے فکر و سیاست نے عوامی شعور کا ایک ایسا انقلاب بپا کیا کہ رجعت پرست، شاونسٹ اور جمہور دشمن قوتیں اب پاکستان میں اپنی مرضی کے نقاب نہیں لگا سکتیں ۔
تازہ ترین