برسلز (حافظ اُنیب راشد)پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے یورپین پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے یورپی پارلیمنٹ کے صدر کو خطے کی تازہ ترین صورتحال اور افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے یورپین قیادت پر زور دیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ جواب میں پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور یورپ کے درمیان تعلقات پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر شیریں مزاری کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انتونیو تاجانی نے یقین دلایا کہ وہ امن کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے یورپین پارلیمنٹ کے صدر کو تحفہ پیش کیا جسے انہوں نے امن کی شمع کا نام دیا تھا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے صدر پارلیمنٹ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن کے بعد اس پر غور کریں گے۔ اس ملاقات کے موقع پر بلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لئے پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن آصف میمن، ایچ او سی گیان چند، قونصلر ثاقب رئوف اور پریس قونصلر سلطانہ رضوی بھی موجود بھی موجود تھے۔