• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیر یا تزئینِ نو جتنی دلچسپ ہوتی ہے اتنی ہی مشکل، پیچیدہ اور وقت طلب بھی۔ گھر کو اپنے خوابوں کے مطابق تعمیر کروانا اور اس کی تزئینِ نو کرنا ایک تھکا دینے والا کام ہوتا ہے، جس میں ہر مرحلے پر نظر رکھنا پڑتی ہے تاکہ وہ آپ کی خواہشات اور ضروریات کے مطابق آگے بڑھے۔

ایسے میں ایک مناسب ٹھیکیدار کو تلاش کرنا سب سے اہم ہوتا ہے کیونکہ یہی وہ شخص ہوتا ہے جو آپ کے لیے اس کام کو مشکل بھی بنا سکتا ہے اور قدرے آسان بھی۔ اس بات کا تعین اس کے کام سے ہوتا ہے کہ وہ اپنے کام میں کس قدر ماہرانہ صلاحیتیں رکھتا ہے۔ ٹھیکیدار آپ کے پیسے کو ویلیو فراہم کرتا ہے لیکن اگر وہ ناتجربہ کار او ر کام کا کچا ہو تو آپ کے سرمائے کو برباد بھی کرسکتا ہے۔ ایک مناسب ٹھیکیدار کا انتخاب یا تعین آپ کس طرح کر سکتے ہیں، اس سلسلے میں8سوالات آپ کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔

کیا آپ ریفرنسز دےسکتے ہیں؟

کسی بھی ٹھیکیدار کے بارے میں جاننے کے لیے ان افراد سے رابطہ کریں، جو اس کی خدمات حاصل کرچکے ہوں۔ اس لیے آپ ممکنہ ٹھیکیدار سے یہ سوال بلا جھجھک کرسکتے ہیں کہ کیا آپ ان لوگوں سے بات کرواسکتے ہیں، جن کے لیے آپ نے مختلف نوعیت کے ٹھیکیداری کے کام کیے ہوں۔ اپنے اندر کے تفتیشی رپورٹر کو جگائیں اور خدمات حاصل کرنے والوں سے کچھ اس طرح کے سوالات پوچھ ڈالیں:’کیا ٹھیکیدار آپ کی ڈیڈ لائنز اور توقعات پر پورا اُترا؟‘ اور ’آپ کے اس ٹھیکیدار کے ساتھ سب سے بہترین اور بدترین تجربات کیا رہے؟‘

ایسا کرنے کے بعد آپ ٹھیکیدار سے مجموعی رقم طےکرنے کے بجائے آئٹم ٹو آئٹم تخمینہ حاصل کریں، تبھی جاکر آپ سیبوں کا مقابلہ سیبوں سے کرسکیں  گے۔ اس سے آپ کو ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ آپ اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق مخصوصی چیزوں میں کوالٹی کے تناسب سے بجٹ کو کم یا زیادہ کرسکتے ہیں، جس کا دیگر چیزوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

کیا آپ لائسنس یافتہ ہیں؟

ویسے تو پاکستان میں اَن پڑھ اور کم پڑھے لکھے لوگ بھی ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں لیکن اگر آپ ’گرے مارکیٹ‘ میں کام نہیں کرنا چاہتے اور کسی سند یافتہ ٹھیکیدار سے تعمیراتی کام کروانا چاہتے ہیں تو یہ بہت بہتر لائحہ عمل ہے۔ پاکستان میںایک شخص کو باقاعدہ ٹھیکیدار بننے کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہو۔ اس لیے آپ اپنے ممکنہ ٹھیکیدار سے معلوم کرسکتے ہیں کہ آیا وہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔

کیا آپ ڈیزائن میں مدد کرسکتے ہیں؟

گھر کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے علاقے، شہر یا صوبے کی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی یا سوسائٹی سے گھر کا ڈیزائن یا نقشہ پاس کروائیں۔ اس کے لیے ہر اتھارٹی اور ہر سوسائٹی کی اپنی شرائط ہوتی ہیں۔ اس موقع پر ایک تجربہ کار ٹھیکیدار کا ہونا آپ کو اضافی فائدہ دے سکتا ہے۔ ایک تجربہ کار ٹھیکیدار کو پہلے ہی معلوم ہوتا ہے کہ آپ کے علاقے میں گھر کا نقشہ بناتے وقت کن چیزوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے تاکہ وہ بغیر کسی اعتراض کے منظور ہوجائے۔

ٹائم ٹیبل کیا ہوگا؟

ٹھیکیدار کا شیڈول سننے اور اپنے گھر کی تعمیراتی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے، آپ ٹھیکیدار کے ساتھ مل کر تعمیراتی کام کے آغاز اور اسے مکمل کرنے کی ممکنہ تاریخوں کا تعین کرسکتے ہیں۔ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ تعمیراتی کام متعین کردہ شیڈول کے اندر مکمل نہیں ہوپاتا، لہٰذا آپ کو تھوڑی بہت تاخیر کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

آپ کب سے کام کررہے ہیں؟

کوئی چاہے کچھ بھی کہے لیکن تجربے کا اپنا ہی فائدہ ہوتا ہے۔ یقیناً آپ ایک ایسے ٹھیکیدار کو کام دینا چاہیں گے جو اپنے کام میں ماہر ہو، مستحکم ہو اور اس کے پاس اچھا کام کرنے والے سب کنٹریکٹرز کی ٹیم ہو۔

تعمیراتی کام کون کرے گا؟

صبح سے شام تک تعمیراتی کام کی دیکھ بھال کون کرے گا؟ وہ خود کرے گا یا وہ اپنی جگہ کسی دوسرے شخص کو یہ ذمہ داری سونپے گا۔ اکثر یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ سے کام کا ٹھیکہ حاصل کرنے کے بعد ٹھیکیدار اپنی جگہ کسی دوسرے ٹھیکیدار کو یہ کام دے دیتا ہے اور وہ خود وقتاً فوقتاً وہاں چکر لگاتا رہتا ہے۔ ایسے میں آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ روزانہ کس شخص سے رابطہ کرنا ہے اور کوئی کام آپ کی خواہش کے مطابق نہ ہونے کی صورت میں ذمہ دار کون شخص ہوگا اور آپ نے کس سے بات کرنی ہے۔

کیا آپ ہر چیز تحریری طور پر کریں گے؟

کنٹریکٹ میں ہر تفصیل کو شامل کرنا چاہیے۔ جیسے ادائیگی کا شیڈول، کام مکمل ہونے کی معینہ مدت، استعمال کیا جانے والا مٹیریل اور دیگر ضروری اشیا وغیرہ۔ سرمائے کی فراہمی اور کام شروع کرنے سے پہلے تمام تفصیلات بیان کرتا ہوا ایک دستخط شدہ کنٹریکٹ آپ کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ ایک ماہر اور پروفیشنل ٹھیکیدار کو کنٹریکٹ دستاویز پر دستخط کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

تازہ ترین